بالرز نے لاج رکھ لی،جنوبی افریقا کوجیت کے لئے 219 رنز کا ہدف
جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے جارہے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ایک مرتبہ پھر بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، بیٹسمینوں کی ذمہ داری بھی بالرز نے ہی ادا کی۔ قومی بلے باز ایک مرتبہ پھر ایک کے بعد ایک آتے اور جاتے رہے کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں ناصر جمشید اور احمد شہزاد نے ذمہ دارانہ اننگ کا آغاز کیا تاہم ناصر جمشید 24 اور احمد شہزار 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ محمد حفیظ ایک مرتبہ پھر ڈیل اسٹین کا شکار بنے اور صرف پانچ رنز ہی بنا سکے، کپتان مصباح الحق 13، صہیب مقصود 22، شاہد آفریدی 26 اور عمر اکمل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ 131 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کی 6 وکٹیں گر چکی تھیں اس موقع پر ون ڈے میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان کھلاڑی انور علی اور بلاول بھٹی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتویں وکٹ پر 74 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا۔ انور علی نے 43 اور بلاول بھٹی نے 39 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 218 رنز بنائے جبکہ جنوبی افریقا کی جانب سے مورنی مورکل نے 39 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں پاکستان کو 1-4 سے شکست دی تھی۔
تبصرے بند ہیں.