Latest National, International, Sports & Business News

ایف بی آر نے ٹیکس رعایتوں کی حامل کمپنیوں و اداروں کا ڈیٹا طلب کرلیا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ملک میں کام کرنے والی تمام این جی اوز، خصوصی اکنامک زونز، ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز اور بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں کے اثاثہ جات، ان کی حاصل کردہ آمدنی اور ظاہر کردہ آمدنی، اخراجات اور واجبات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئر افسر نے بتایا کہ ایف بی آر کی طرف سے ملک بھر میں قائم 18 ریجنل ٹیکس آفسز (آر ٹی اوز) اور 3 لارج ٹیکس پیئر یونٹس (ایل ٹی یوز) کے چیف کمشنرز کو خطوط لکھے گئے ہیں جس کے ساتھ ایک پرفارمہ کا نمونہ بھی بھجوایا گیا ہے اور تمام چیف کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس پرفارمے کے مطابق اپنی حدود میں قائم تمام این جی اوز، خصوصی اکنامک زونز، ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز اور بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں کے نام، پتے اور ٹیکس ایئر 2012 میں اثاثہ جات، انکی حاصل کردہ اور ظاہر کردہ آمدنی، اخراجات اور واجبات سمیت تمام کوائف کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔ذرائع نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تمام فیلڈ آفسز کو ہدایت کی ہے کہ 20 نومبر تک تمام تفصیلات ایف بی آر کو بھجوائی جائیں جن کی روشنی میں این جی اوز، خصوصی اکنامک زونز،ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز اور بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں کے اثاثوں، انکی حاصل وظاہر کردہ آمدنی، اخراجات اور واجبات کی چھان بین کی جائے گی تاکہ پتا چلایا جائے کہ ان کو ٹیکسوں کی مد میں دی جانے والی چھوٹ اور رعایتوں کا غلط استعمال تو نہیں کیا جارہا اور جہاں غلط استعمال پایا گیا تو متعلقہ ادارے یا کمپنی کے خلاف نہ صرف کارروائی کی جائے گی بلکہ ان کا جامع و مکمل آڈٹ کیا جائے گا اور ان کے ذمے جو ٹیکس واجبات بنیں گے وہ بھی وصول کیے جائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.