Latest National, International, Sports & Business News

تاجروں کانئے انکم ٹیکس قوانین کے خلاف ہڑتال کا فیصلہ

سندھ تاجر اتحاد کے کنونشن میں چھوٹے تاجروں نے انکم ٹیکس کے نئے قوانین اور بجلی و گیس کے ٹیرف میں حالیہ اضافہ واپس نہ لینے پر ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔ شہدادپور میں تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ نے کہا ہے کہ حکومت تاجروں کو احتجاج پر مجبور نہ کرے اور فی الفور انکم ٹیکس کے کالے قوانین اور بجلی و گیس کے ٹیرف میں کیے گئے اضافے کو واپس لے، کراچی سمیت ملک بھر کے تاجر انجمن تاجران پاکستان کے بینر تلے متحد ہیں اور سندھ بھر کے تاجروں کا سندھ تاجر اتحاد پر اعتماد آج کے اس کنونشن میں ہزاروں تاجروں کی موجودگی کی دلیل ہے۔ کنونشن کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سکندر علی خشک اور ایس ایس پی شہدادپور فرخ احمد شیخ تھے۔ کنونشن سے شہدادپور میں سندھ تاجر اتحاد کے صدر قیوم قریشی اور نائب صدر جاوید قریشی، میرپورخاص کے صدر امین میمن، سندھ تاجر اتحاد کے وائس چیئرمین کاشف صابرانی، جنرل سیکریٹری اسماعیل لالپوریہ، حسین قریشی اور سندھ کے دیگر اضلاع سے آئے ہوئے تاجر رہنماؤں نے خطاب کیا۔جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نئے انکم ٹیکس قوانین وہ کالے قوانین ہیں جسے ملک بھر کے تاجروں نے مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب ملک بھر کی معاشی صورت حال روز بروز خراب ہوتی جارہی ہے، ملک میں جاری دہشتگردی، انتہا پسندی اور بھتہ خوری نے تاجروں کا دیوالیہ نکال دیا ہے، ایسے میں بیوروکریسی کی جانب سے بنائے گئے انکم ٹیکس کے قوانین نے تاجروںکو معاشی طور پر بدحال کرنے کی سازش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے ٹیرف میں اضافے کے باعث پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے اور اب تاجروں کو اپنے آرڈرز مکمل کرنے میں شدید مشکلات ہیں جس کے باعث اربوں روپے کے غیر ملکی اور ملکی آرڈرز منسوخ ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی انکم ٹیکس کے کالے قوانین، بجلی اور گیس کے ٹیرف میں اضافے اور ان کی بے جا لوڈشیڈنگ پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس موقع پر ایک مشترکہ قرارداد کے ذریعے اعلان کیا گیا کہ اگر حکومت نے فوری طورپر انکم ٹیکس کے نئے قوانین اور بجلی و گیس کے ٹیرف میں کیے گئے اضافے کو واپس نہ لیا تو کراچی تا خیبر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی، سندھ سمیت ملک بھر کے تاجر نئے قوانین کے تحت انکم ٹیکس کے ریٹرنز جمع نہیں کرائیں گے اور اگر تاجروں کے ساتھ کسی قسم کی زبردستی کی گئی تو اس کا سڑکوں پر مقابلہ کیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.