ویمپائر کا کردار نبھانا بہت مشکل تھا، ڈیکوٹا فیننگ

ہالی وڈ اسٹار ڈیکوٹا فیننگ نے کہا ہے کہ ویمپائر کا کردار نبھانا میرے لیے مشکل اور مختلف تھا، اچھے موڈ میں رہنا پسند کرتی ہوں۔ ایوری سیکرٹ تھنگ کرائم اسٹوری پر بن رہی ہے جس میں رونی فولر لڑکی کا رول کر رہی ہوں۔ ڈیکوٹا فیننگ 23فروری 1994ء کو پیدا ہوئیں۔ اس امریکن ایکٹریس نے چھ سال کی عمر میں ہی اداکاری شروع کر دی اور جب سات برس کی ہوئیں تو وہ اپنا پہلا ایوارڈ وصول کرنے کے لیے اسٹیج پر جا رہی تھیں۔ ڈیکوٹا فیننگ اب تک 35فلموں اور 13ڈراموں میں جلوہ گر ہو چکی ہیں، وہ 30ایوارڈ کے لیے منتخب ہوئیں جن میں سے 15ایوارڈز انھوں نے اپنے نام کر لیے۔ ان کی والدہ ’’ہیتھر جوئے‘‘ ٹینس کھلاڑی رہی ہیں، ان کے والد اسٹیون جے فیننگ مائی نر لیگ بیس بال کھیلتے تھے۔ البتہ اب وہ لاس انیجلس ، کیلیفورینا میں ایک الیکٹرونکس سیلز مین ہیں۔ ان کے نانا رگ آرنگٹن سابق امریکی فٹ بال کھلاڑی رہ چکے ہیں ۔ ڈیکوٹا کی بڑی بہن ایلی فیننگ بھی ایک اداکارہ ہیں۔ 2000ء میں ڈیکوٹا فیننگ ٹائون ٹیک آرٹس سینٹر میں اداکارہ تھیں اور اسی سال وہ چھوٹے چھوٹے ڈراموں میں اداکاری کرتے نظر آتی تھیں۔ پانچ سال کی عمر میں پہلی مرتبہ وہ ٹی وی اسکرین پر ایک اشتہار میں نظر آئیں جب کہ پرائم ٹائم میں لگنے والے ایک ڈرامے میں مہمان کردار کی صورت میں انھوں نے اپنی اداکاری کی پہلی جھلک دکھائی ، اسی مہمان کردار کے بارے میں ڈیکوٹا کا کہنا ہے کہ انھوں نے کینسر کی شکار ایک لڑکی کا کردار نبھایا، اس کردار کے لیے انھوں نے (Neck Brace) پہنے اور ناک میں ڈالنے والی بالیاں پہنیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے ٹی وی اسکرین پر آنیوالے ڈراموں میں بیشمار چھوٹے چھوٹے مہمان کردار کیے، جن میں ’’کرائم سین انوسٹی گیشن اور اسپین سٹی ‘‘ نمایاں ہیں۔ 2001ء میں انھیں مشہور اداکار سیم پین کے مدمقابل فلم ’’آئی ایم سیم‘‘ میں کاسٹ کیا گیا، اس فلم میں اداکاری کے نتیجے میں انھیں بروڈ کاسٹ فلم کریٹکس ایسوسی ایشن کی جانب سے سب سے چھوٹی بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ اسکرین ایکٹرز کیلڈ میں منتخب بھی کیا گیا تھا۔فلم ’’رن وے ‘‘ جو کہ ایک حقیقی زندگی میں خواتین ہینڈ کی کہانی پر مبنی فلم ہے، اس فلم میں ڈیکوٹا نے انتہائی چھوٹی عمر میں بولڈ کردار ادا کیا تھا۔ انھوں نے پندرہ سال کی عمر میں ایک شرابی اور نشہ کرنیوالی لڑکی کا کردار انتہائی عمدگی سے ادا کیا۔ ڈیکوٹا کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے اب تک ٹی وی میں آ رہی ہیں، اس دوران ان کی زندگی میں ایسا وقت بھی آیا جب وہ ایک اداکارہ کی حیثیت سے اتنی خوبصورت اور گلیمرس نہیں لگتی تھیں، جب ان کے اگلے دانت ٹوٹے جس وقت وہ ہنستی بہت عجیب لگتی تھیں۔ اسی حوالے سے ڈیکوٹا نے کہا کہ ان دنوں میرے اگلے دانت ٹوٹے ہوئے تھے اور کچھ دانتوں میں بریسس لگے تھے، مجھے ٹی وی شو پر ایک انٹرویو میں جانا پڑا جو کہ مجھے انتہائی مشکل لگا، البتہ میں نے یہ سوچے بغیر کہ میں ٹی وی اسکرین پر کیسی لگوں گی میں وہاں گئی اور انٹرویو بھی دیا ۔ ڈیکوٹا نے ایک عام طالب علم کی حیثیت سے اسکول میں تعلیم حاصل کی ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک اچھی طالب علم تھیں، نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیتی تھی، انھوں نے خاص طور پر بتایا کہ ہائی اسکول میں وہ چیئر لیڈر تھیں۔ انھیں کھیل کے وقفہ کے دوران گرائونڈ میں تماشائیوں اور کھلاڑیوں کو چیراپ کرنے میں بہت مزہ آتا تھا۔ ڈیکوٹا فیننگ اور اس کی بڑی بہن ایلی نے گیارہ سال کی عمر میں اپنی والدہ کیساتھ ایک کنٹریکٹ سائن کیا تھا ۔ اس کنٹریکٹ میں لکھا گیا تھا کہ دونوں بہنیں کبھی بھی اپنے جسم پر ٹیٹو نہیں بنوائیں گی۔ اس کے باوجود وہ ایک مشہور ٹی وی شو کے دوران ڈیکوٹا اور ان کی والدہ کے درمیان کیے گئے کنٹریکٹ کو چیلنج کرنے کے لیے ان کے بازو پر ایک مصنوعی ٹیٹو بنایا گیا۔ جس پر ڈیکوٹا نے کہا کہ ان کی والدہ کو ذاتی طور پر ٹیٹو پسند ہیں اور انھیں امید ہے کہ ان کی والدہ کو اس مصنوعی ٹیٹو سے کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ فلم’’ٹوائی لائٹ‘‘ ساگا، بریکنگ ڈان میں ویمپائر کا کردار نبھانے کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ایک ویمپائر کا کردار نبھانا میرے لیے مشکل اور مختلف تھا، یہ پہلی مرتبہ تھا جب میں نے ایسا کردار ادا کیا، اپنے آپ کو منفی کردار میں ڈھالا ، اس کے لیے میں نے ویمپائرز جیسا میک اپ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اچھے موڈ میں رہنا پسند کرتی ہیں ۔ ڈیکوٹا فیننگ نہایت شاندار، باوقار اور پرکشش شخصیت رکھنے والی اس اداکارہ نے چھوٹی عمر میں ہی کامیابیوں کی سیڑھی چڑھنا شروع کر دی، ان کی کامیابی کی داستانیں ان کے بچپن ہی سے شروع ہوگئی تھیں۔ اسی ہالی ووڈ کے کئی ستاروں کی ان کے بارے میں یہ رائے ہے کہ ’’ڈیکوٹا ہماری آنکھوں کے سامنے بڑی ہوئی ہیں‘‘۔

تبصرے بند ہیں.