شاہدہ منی بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلیے کنسرٹ کرینگی

لاہور: صدارتی ایوارڈیافتہ گلوکارہ شاہدہ منی بلوچستان میں زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے میوزک کنسرٹ کرینگی۔ جس سے حاصل ہونے والی آمدن متاثرین زلزلہ کو دی جائے گی۔ دوسری جانب افواج پاکستان کی جانب سے شاہدہ منی کے اس جذبے کوسراہا گیا ہے۔ گزشتہ روز شاہدہ منی ایک مرتبہ پھر بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے سامان لے کرافواج پاکستان کے کیمپ پہنچی جہاں انھوں نے منتظمین کے حوالے امدادی سامان دیااورفوج کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کے دوران زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے میوزک کنسرٹ میں پرفارم کرنے کی تجویز دی جس کو بہت سراہاگیا اوراس سلسلہ میں جلد ہی شیڈول ترتیب دیاجائے گا۔ شاہدہ منی نے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ پوری قوم اور افواج پاکستان بلوچ بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ میں نے بلوچستان کے سیلاب زدگان کے لیے امداد کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہےمیرے پیارے وطن پر جب بھی کوئی مشکل آتی ہے تو میں فوری طور پر اپنا فرض اوّلین سمجھتے ہوئے گھر سے باہرنکلتی ہوں اورجہاں تک ممکن ہوسکے امداد کرتی ہوں۔ ہمیشہ سے ہی افواج پاکستان کا کردارفلاحی کاموں میں بڑا نمایاں رہا ہے۔ بلوچستان میں زلزلہ کی وجہ سے بہت نقصان ہوا ہے اورہمارے متاثرہ بہن بھائیوں کودوبارہ ان کے اپنے گھروں تک پہنچانے کے لیے بہت بڑی رقم درکار ہے۔ اسی لیے میں نے افواج پاکستان کے پلیٹ فارم سے کوئٹہ میں میوزک کنسرٹ کرنے کی تجویزدی ہے جس کو بہت سراہا گیا ہے اورافواج پاکستان کے اعلیٰ افسران نے اس پرعملدرآمد کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔ اس شوسے حاصل ہونے والی آمدنی متاثرین کو دی جائے گی اورہم اس سلسلہ میں دیگرشہروں میںبھی پروگراموں کا انعقاد کرینگے۔

تبصرے بند ہیں.