دنیا کا کوئی بھی کھلاڑی اور ملک پاکستان میں کھیلنے کوتیار نہیں، قائم مقام چیرمین پی سی بی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چیرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ دنیا کے ہمارے بارے میں خیالات اچھے نہیں اور کوئی بھی غیر ملکی کھلاڑی ہمارے ملک میں آکر کھیلنا نہیں چاہتا۔ لاہور میں پاکستان اور جنوبی افریقا سیریز کے لوگو کا افتتاح کرنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان لیگ شروع کریں جس کے ذریعے ملک میں کرکٹ کے تشخص کو واپس لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لیگ کے لئے ہم نے تیاری شروع کردی ہے اور گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی ہمیں اس کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ ہمیں لیگ کے لئے بہت اچھے اسپانسرز مل گئے ہیں، پی سی بی کی ساری کمائی میڈیا رائٹس اور اسپانسر شپ سے ہوتی ہے اور اگر اسپانسرز ساتھ دیں تو بورڈ اور پاکستان کرکٹ کو مضبوط بناسکتے ہیں۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان لیگ میں غیر ملکی کھلاڑی آتے تو اس کا فائدہ ہوتا لیکن دنیا کے ہمارے بارے میں خیالات اچھے نہیں اور کوئی بھی غیر ملکی کھلاڑی ہمارے ملک میں آکر کھیلنا نہیں چاہتا تاہم میڈیا ان خیالات کو اپنے کردار سے بہتر بنا سکتا ہے، میڈیا ہم پر تنقید ضرور کرے لیکن اسے ہمارے مؤقف کو بھی سننا چاہئے۔ انہوں نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم اگر زمبابوے سے ایک ٹیسٹ میچ ہارتی ہے تو میڈیا ہماری گردن پکڑ لیتا ہے جبکہ ہمیں سمجھنا چاہئے کہ کھلاڑی آہستہ آہستہ ہی مضبوط ہوتے ہیں۔ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کی کپتانی پر تنقید کرنا صحیح نہیں، اگر مصباح کو کپتانی سے ہٹا بھی دیا جائے تو ٹیم میں ایسا کوئی کھلاڑی نہیں جس کا ان کے جتنا تجربہ ہو۔ بورڈ کے قائم مقام چیرمین نے کہا کہ وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ میں ہی کرکٹ بورڈ کا چیرمین رہوں لیکن جس طرح عدالت نے کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ الیکٹورل کالج نہیں بن سکتا لہٰذا میں اس الیکٹورل کالج سے الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا۔

تبصرے بند ہیں.