ایس ایم ایز کیلیے کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی قائم کرنے کافیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کے ساتھ طے پانے والی شرائط کے تحت اسمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز کے لیے کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دستیاب دستاویز کے مطابق مذکورہ اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں اسمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز (ایس ایم ایز)کی کارکردگی جانچنا ہے، ایس ایم ایزکے لیے کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی کا قیام 30 ستمبر2014 تک عمل میں لایاجائے گا، اس کے علاوہ رسک بیسڈ اور یکجا مالیاتی نگرانی کے لیے ریگولیٹری فریم ورک کو بھی بڑھایا جائے گا۔ دستاویز کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر مجاز اسٹیک ہولڈرز باقاعدگی کے ساتھ مالیاتی شمولیت رپورٹ شائع کریں گے جس میں مالیاتی شمولیت کے حوالے سے اپ ڈیٹڈ اعدادوشمار شامل ہونگے۔اس بارے میں جب وزارت خزانہ کے حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت ملک میں ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ اور خواتین کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے اور حال ہی میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت اعلان کردہ اسکیموں میں بھی خواتین کی بھرپور نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے اقدام اٹھائے گئے ہیں اور خواتین کے لیے نصف شیئر رکھا گیا ہے تاکہ خواتین کو زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں ایس ایم ای سیکٹر کو فروغ دے کر ملکی اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کی جائے گی اور اس اقدام سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ ایس ایم ایز کے لیے کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی کے قیام سے بھی ایس ایم ای سیکٹر کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

تبصرے بند ہیں.