واٹمور کو نیشنل اکیڈمی میں اہم ذمہ داری سونپنے پر غور

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ ڈیوواٹمور کو قبل از وقت فارغ کرنے کیلیے راہیں تلاش کرنے لگا۔ اس ضمن میں انھیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اہم ذمہ داری سونپنے پر غور ہو رہا ہے مگر وہ اس میں دلچسپی نہیں رکھتے، ان کے معاہدے میں ابھی 5 ماہ باقی اور برطرفی سے قبل 2ماہ کا نوٹس دینا ضروری ہے۔ دوسری جانب کوچ لاہور میں سخت سیکیورٹی میں زندگی گذار رہے ہیں،دن اور رات کی شفٹ میں3،3گارڈز ان کے گھر پر تعینات اور 2پولیس اہلکاروں کی بھی ڈیوٹی ہوتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نگران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیوواٹمور کو فارغ کرنا چاہتے ہیں مگر معاہدے کی بعض پیچیدگیاں اور محدود اختیارات راہ میں حائل ہیں،کوچ کا کنٹریکٹ 5ماہ بعد ختم ہو گا، اس سے پہلے خاتمے کی صورت میں 2ماہ کا نوٹس اور ہرجانہ بھی دینا پڑسکتا ہے، اس مسئلے سے بچنے کیلیے نئی راہیں تلاش کی جا رہی ہیں،ان میں سے ایک انھیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اہم عہدہ سونپنا بھی ہے۔دوسری جانب وہ اس میں بالکل بھی دلچسپی نہیں رکھتے، آئندہ چند ماہ میں صورتحال واضح ہو گی، بورڈ حکام کی خواہش ہے کہ کسی مقامی کوچ کا تقرر کیا جائے جو واٹمور سے آدھی تنخواہ میں مل جائے گا، مگر بعض ماہرین کے رائے میں ملکی کوچ کا تجربہ کامیاب ثابت نہیں ہو سکے گا۔ دوسری جانب قومی کوچ لاہور میں سخت سیکیورٹی میں زندگی گذار رہے ہیں،دن اور رات کی ڈیوٹی میں 3،3 گارڈز ان کے گھر پر تعینات اور2 پولیس اہلکاروں کی بھی ڈیوٹی ہوتی ہے،واٹمور سے ملاقات کیلیے چاہے کوئی ذاتی مہمان بھی کیوں نہ آئے اسے رجسٹر میں اندراج کرانا ہوتا ہے، اس کی تمام تفصیلات پی سی بی کو ارسال کی جاتی ہیں، یہ احتیاطی تدابیر ملک کی خراب سیکیورٹی صورتحال کے مدنظر اپنائی گئی ہیں

تبصرے بند ہیں.