Latest National, International, Sports & Business News

حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری کا تقرر کردیا

لاہور: حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری کا تقرر کر دیا،وہ آئندہ چند روز میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ان کا ابتدائی کام عدالتی فیصلے کے مطابق 89غیرضروری پی سی بی ملازمین کو فارغ کرنا ہو گا، دیگر روز مرہ کے امور بھی آہستہ آہستہ وہی سنبھالنے لگیں گے، یوں نجم سیٹھی کا بااختیار چیئرمین بننے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے پر حکومت نے عمل درآمد شروع کر دیا، اس ضمن میں وزارت بین الصوبائی امور نے پی سی بی کے سیکریٹری کا تقرر کر دیا، امیر نامی نئے آفیشل کا پہلا کام 89غیرضروری پی سی بی ملازمین کی چھانٹی کرنا ہو گا، اس کے بعد وہ دیگر روزمرہ امور بھی دیکھنے لگیں گے، ان کے تقرر کو پاکستان کرکٹ میں حکومتی مداخلت کی پہلی مثال تصور کیا جا رہا ہے، البتہ ان کے آنے سے الیکشن جیسے معاملات میں چھایا جمود بھی ختم کیا جا سکے گا۔ذرائع نے بتایا کہ نگران چیئرمین نجم سیٹھی کے مستقل بننے کا امکان اس نئی تقرری سے معدوم ہو گیا، عدالت میں جب کبھی پیشی ہوئی انھیں خاصے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا، ایک طرف وہ اختیارات نہ ہونے کا رونا روتے رہتے ہیں دوسری جانب انھوں نے سپرلیگ جیسے بڑے منصوبے شروع کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، اس سے واضح ہوگیاکہ ان کے مقاصد طویل المدت ہیں، ذرائع نے مزید بتایا کہ آئندہ آنے والے چند دنوں میں پی سی بی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں، بغیر کوئی کام کیے لاکھوں روپے وصول کرنے والے نان ٹیکنیکل افراد اور برسوں سے سفارش کے بل بوتے پر بورڈ میں بیٹھے چند آفیشلز کی چھٹی ممکن ہے، ماضی میں کوئی ان پر ہاتھ نہیں ڈال سکتا تھا کیونکہ عدالت جانے کا خدشہ ہوتا، اب چونکہ اس کا زیادہ امکان نہیں لہذا بورڈ میں آپریشن کلین اپ متوقع ہے۔

تبصرے بند ہیں.