حفیظ کو سہارا دینے ’’مضبوط کندھے‘‘ سامنے آگئے

لاہور: حفیظ کو سہارا دینے کیلیے ’’مضبوط کندھے‘‘سامنے آ گئے، ڈوبتے ہوئے ٹیسٹ کیریئر کو بچانے کیلیے کوشش شروع کر دی گئی۔ اسی وجہ سے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے 28 ممکنہ کھلاڑیوں میں تجربہ کار اوپنرز عمران فرحت اور توفیق عمر کو شامل نہیں کیا گیا، حیران کن طور پر جارح مزاج احمد شہزاد منتخب ہو گئے جو ٹی ٹوئنٹی میں بھی مکمل اوورز نہیں کھیل پاتے، ناصر جمشید کو زیرغور نہیں لایا گیا۔ حسب توقع مصباح الحق کپتان برقرار رہیں گے، محمد عرفان کو منتخب نہیں کیا گیا، خراب کارکردگی کے باوجود اسد شفیق کا انتخاب ہوا جبکہ عمر اکمل کی بھی واپسی ہو گئی، حتمی17 رکنی اسکواڈ کا اعلان2 سے4 اکتوبر تک شیڈول سہ روزہ پریکٹس میچ کے بعد متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف کے بغیر کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوا۔ طویل انتظار کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو بتایا گیا کہ فی الحال جنوبی افریقہ سے سیریز کے ممکنہ ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا جا رہا ہے، حتمی 17 رکنی ٹیم 2 سے4 اکتوبر تک شیڈول پریکٹس میچ کے بعد منتخب ہو گی، جس کے بعد کھلاڑی7 تاریخ کو متحدہ عرب امارات روانہ ہوجائینگے۔ حسب توقع مصباح الحق کو ٹیسٹ اسکواڈ کا کپتان بر قرار رکھا گیا۔ طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں ناقص کارکردگی کے بعد محمد حفیظ کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ چکا تھا تا ہم انھیں ممکنہ 28 کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل رکھنے جبکہ کیمپ میں توفیق عمر اور عمران فرحت کو نہ بلائے جانے سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ وہ حتمی17 رکنی اسکواڈ میں بھی شامل ہونگے، ان کے حمایتی افراد اس کیلیے جان توڑ کوشش کر رہے ہیں۔ایک اور اوپنر ناصر جمشید کو بھی نظر انداز کرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ محمد حفیظ کے ساتھ خرم منظور اننگز کا آغاز کرینگے،احمد شہزاد کو ریزرو میں رکھا جا سکتا ہے۔فٹنس مسائل کے سبب محمد عرفان کو بھی ٹیسٹ میچز میں آزمانے کا خطرہ مول نہیں لیا جا رہا، اسپن کے شعبے کو مزید موثر بنانے کیلیے ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کے آپشنز موجود ہونگے۔ بیٹنگ لائن کو استحکام دینے کیلیے عمر اکمل کی خدمات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔ 28 ممکنہ کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، خرم منظور، احمد شہزاد، یونس خان،اظہر علی، مصباح الحق، صہیب مقصود، فیصل اقبال، عدنان اکمل، عبدالرحمان، سعید اجمل، عثمان قادر، جنید خان، راحت علی، وہاب ریاض، اظہر علی، عمر امین، اسد شفیق، عمر اکمل، سرفراز احمد، ذوالفقار بابر، یاسر شاہ، اعزاز چیمہ، احسان عادل، اکبر الرحمان، عمران خان، محمد رضوان اور کنگ آف اسپیڈ احمد جمال شامل ہیں، تربیتی کیمپ30 ستمبر سے6 اکتوبر تک لاہور میں جاری رہے گا، اس دوران سہ روزہ پریکٹس میچ میں ایک ٹیم کی قیادت مصباح الحق دوسری کی عمر امین کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.