ٹیسٹ اسکواڈ کا انتخاب، سلیکٹرز آج سر جوڑ کر بیٹھیں گے

لاہور: جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کا ٹیسٹ اسکواڈ منتخب کرنے کیلیے سلیکٹرز جمعرات کو سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔ توفیق عمر کو واپسی کیلیے مصباح کا ووٹ مل گیا، خرم منظور کی جگہ بھی خطرے سے باہر ہے، عمران فرحت کی طلبی کا امکان روشن جبکہ نوجوان شان مسعود کو بغیر کھیلے ڈراپ ہونے کا کڑوا گھونٹ پینا پڑ سکتا ہے، اسد شفیق کی امیدوں پر بھی کلہاڑی چلنے کاخطرہ ہوگا، عمر اکمل ٹیسٹ سائیڈ میں بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں 14 اکتوبر سے شروع ہونے والی2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے بغیر کسی سربراہ کے سلیکشن کمیٹی جمعرات کو اسکواڈ منتخب کریں گی، سلیکٹرزاظہر خان اور سلیم جعفر کے ساتھ کپتان مصباح الحق،کوچ ڈیو واٹمور اور ٹیم منیجر معین خان بھی موجود ہوں گے، ہوم سیریز ہونے کی وجہ سے 15 کے بجائے 17 کھلاڑی منتخب کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق محمد حفیظ کو ڈراپ کرنے کی تیاری کرلی گئی مگر حتمی فیصلہ مشاورت سے ہوگا،رواں برس پروٹیزکیخلاف سیریز سے قبل اچانک انجرڈ ہونے والے اوپنر توفیق عمر کو واپسی کیلیے مصباح الحق کا ووٹ حاصل ہے، انھیں زمبابوے سے سیریز میں ڈراپ کردیا گیا تھا،اس سیریز میں بہتر پرفارم کرنے والے خرم منظور کی جگہ محفوظ دکھائی دیتی جبکہ عمران فرحت کی بھی واپسی متوقع ہے، وہ منتخب ہونے کے باوجود ذاتی وجوہات کی بنا پر زمبابوین ٹور سے دستبردار ہوگئے تھے، اس تمام صورتحال کا براہ راست نقصان شان مسعود کو ہوگا جو زمبابوے میں موقع ملنے کے منتظر رہے اور اب بغیر کھیلے ڈراپ ہوجائیں گے۔ اسد شفیق کی چھٹی ہوسکتی ہے، اسپن اٹیک کو مزید مہلک بنانے کیلیے سعید اجمل اور عبدالرحمان کے ساتھ ذوالفقار بابر کی بھی طلبی کا امکان ہو گا۔ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کی ممکنہ ٹیسٹ ٹیم میں مصباح الحق (کپتان)، توفیق عمر، خرم منظور، شان مسعود، یونس خان، اظہر علی، فیصل اقبال، عمران فرحت، عدنان اکمل (وکٹ کیپر)، جنید خان، وہاب ریاض، احسان عادل یا راحت علی، سعید اجمل، عبدالرحمان اور ذوالفقار بابر شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.