قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اورمنیجر اختر رسول نے اپنے عہدے سےاستعفیٰ دیدیا

لاہور: قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر اختر رسول نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اختر رسول کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان ہاکی ٹیم کے لئے نیک خواہشات رکھتے ہیں، انہوں نے پاکستان ہاکی ٹیم کےہیڈکوچ اورمنیجرکاعہدہ چھوڑدیا ہے اور اپنا استعفیٰ پاکستان ہاکی فیڈریشن کوبھجوادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاكی مجھے وراثت ميں ملی ہے اس سے الگ نہيں رہ سكتا، قومی ٹيم كی حاليہ كاركردگی كے بعد اس عہدے پر كسی اور كو موقع دينا چاہتا ہوں۔ اختررسول کا کہنا تھا پی ايچ ايف كے انتخابات ميں حصہ لينے كا ابھی فيصلہ نہيں كيا اس حوالے سے ساتھيوں سے مشاورت كے بعد كوئی بھی فيصلہ كروں گا جب کہ اختررسول كے قريبی ذرائع كے مطابق انہوں نے استعفٰی پی ایچ ایف کی صدارت كے لئے انتخابات ميں حصہ لينے كے لئے ديا ہے۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی کے باعث ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی نہ کرسکنے کی وجہ سے اختر رسول سمیت ہاکی فیڈریشن اور ٹیم کے حکام پر شدید تنقید کی جارہی تھی ، اس سے قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوچکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.