اے ٹور؛ ویسٹ انڈیز فتوحات کی ہیٹ ٹرک کیلیے پراعتماد

بنگلور: بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ’اے‘ ٹیموں کے درمیان ٹور کا واحد ٹوئنٹی 20 میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز میں 1-2 سے ناکام ہوجانے والی یوراج سنگھ الیون اس مقابلے میں دباؤ کا شکار ہوگی، مہمان ٹیم فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کیلیے پراعتماد ہے۔ میزبان ٹیم میں شامل تجربہ کار پلیئرز کی موجودگی کے باوجود بھارت مہمان سائیڈ کے ابھرتے ہوئے پلیئرز پر قابو پانے میں ناکام رہا ہے، تین میچز پر مشتمل ایک روزہ مقابلوں کی سیریز میں بھارت نے اولین معرکہ تو 77 رنز سے جیتا لیکن اس کے بعد منعقدہ دونوں میچزمیں کیریبیین سائیڈ نے کامیابی حاصل کی، جس کی قیادت کیرن پاول کے سپرد ہے، ناکام رہنے و الے دونوں میچزمیں بھارتی ٹیم ہدف کے حصول میں ناکام رہی۔ اس کے علاوہ یوراج سنگھ الیون کی بولنگ اور فیلڈنگ بھی غیرمتاثرکن رہی، جس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے ان مقابلوںمیں بالترتیب 279 اور 312 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، دوسری جانب ون ڈے سیریز میں فتح کے بعد ویسٹ انڈین ’اے‘ ٹیم ہفتے کو واحد ٹی 20 میں بھی جیت کے لیے پراعتماد ہے، مہمان ٹیم بنگلور میں تین میچز کھیلنے کے بعد شہر کے موسم سے بھی ہم آہنگ ہوچکی ہے، بھارت آمد سے قبل ٹیم کے بارے میں لگائے گئے بھارتی ماہرین کے اندازے غلط ثابت ہوچکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.