قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو عبدالرزاق کی یاد ستانے لگی، عبدالقادر اور شاہد آفریدی نے انھیں میچ ونر قرار دیتے ہوئے دوبارہ موقع دینے کا مطالبہ کردیا،عامر سہیل فارم اور فٹنس کی شرط پر ٹیم میں شامل کرنے کے حامی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کھیلنے کے محدود مواقع کے بعد بے جواز ڈراپ کیے جانے والے عبد الرزاق ایک عرصے سے قومی ٹیم کے میچز باہر بیٹھ کر دیکھنے پر مجبور ہیں، آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ کپتان مصباح الحق اور ان کے نائب حفیظ کی مخالفت آڑے آگئی، سلیکٹرز کا موقف رہا کہ وہ کرکٹ نہیں کھیل رہے تو کس پرفارمنس کی بنیاد پر زیر غور لائیں،اب انہوں نے ملکی سطح کے چند مقابلوں میں شرکت کرکے فارم اور فٹنس ثابت کردی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی شرکت کیلیے تیار ہیں۔دوسری طرف زمبابوے میں پاکستان ٹیم کے چند سینئرز کے ساتھ کئی نوجوان کھلاڑی بھی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے، اس صورتحال میں سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور شائقین کو تجربہ کار آل راؤنڈر کی یاد ستانے لگی، وہ جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف انھیں موقع دینے کے حق میں نظر آرہے ہیں۔ عبدالقادر کا کہنا ہے کہ ٹیم میں 11 کھلاڑی شامل لیکن میچ ونر 1،2 ہی ہوتے جو تن تنہا فتح دلانے کی صلاحیت رکھتے ہوں، عبدالرزاق میں ایسا ہی ٹیلنٹ ہے۔ شاہد آفریدی کے مطابق آپ سینئرز کو ایسے باہر نہیں بٹھا سکتے، ان جیسے میچ ونر کو ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے۔ عامر سہیل کا کہنا ہے کہ آل راؤنڈرایک فرسٹ کلاس سیزن کھیلیں، اگر فارم اور فٹنس ثابت کردی تو ٹیم میں شامل کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
تبصرے بند ہیں.