Latest National, International, Sports & Business News

انڈونیشیا سے 313اشیا صفرتا 24 فیصد رعایتی ڈیوٹی پر درآمد کی اجازت

اسلام آ باد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انڈونیشیا سے چائے، کاسمیٹکس، خام تیل،پام آئل،گاڑیوں کے ربڑ کے گیس کٹس، چاکلیٹ اور مشروبات سمیت مجموعی طور پر 313 اشیا صفر سے 24 فیصد کی رعایتی ڈیوٹی پر درآمد کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ اس ضمن میں ایف بی آر کی طرف سے باضابطہ طور پر ایس آر او نمبری 741(I)2013جاری کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ انڈونیشیا سے طے پانیوالے ترجیحی تجارت کے معاہدے پر عملدرآمد شروع ہونے کے باعث ان اشیا کی انڈونیشیا سے درآمد کے لیے کسٹمز ڈیوٹی کی شرح میں کمی کی گئی ہے۔ ایس آر کے تحت انڈونیشیا سے ٹراوٹ مچھلی سمیت دیگر اقسام کی مچھلی ،جھینگے، کوکونٹ، گرین ٹی، کافی،چائے کی پتی، وارنش سمیت دیگر اشیا 5 فیصد کی رعایتی ڈیوٹی پر درآمد کی جا سکیں گی۔اسکے علاوہ زرعی ادویات کے آرڈیننس 1971 کے تحت رجسٹرڈ زرعی ادویات ،میٹھے آلو، ونیلا، لونگ، الائچی سمیت دیگر مصالحہ جات، ادرک سمیت دیگر درجنوں اشیا صفر ڈیوٹی پر درآمد کی جا سکیں گی، اسی طرح دیگر اشیا 9فیصد سے 24 فیصد کی رعایتی ڈیوٹٰی پر درآمد کی جاسکیں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق انڈونیشیا سے پام آئل کی درآمد پر 6 ہزار 800 روپے فی میٹرک ٹن،پام سٹریں کی درآمد پر 7 ہزار 692 روپے فی میٹرک ٹن،آر بی ڈی پام آئل کی درآمد پر 9 ہزار 180 روپے فی میٹرک ٹن،پام اولیئن کی درآمد پر7 ہزار 692 روپے فی میٹرک ٹن کے حساب سے جبکہ متفرق پام آئل کی درآمد پر 9 ہزار 100 روپے فی میٹرک ٹن کے حساب سے کسٹمز ڈیوٹٰ عائد ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.