انٹرنیشنل کرکٹ شیڈولنگ میں بھی بھارتی من مانیاں شروع

ممبئ / لندن: بھارت نے انٹرنیشنل شیڈولنگ میں بھی من مانیاں شروع کردیں، جنوبی افریقہ کو حکم عدولی پر سبق سکھانے کا فیصلہ کرلیا۔ انگلینڈ کو5 ٹیسٹ میچز کی آئیکون سیریز کا تحفہ دے دیا، 1959 کے بعد پہلی بار بھارتی ٹیم انگلش سرزمین پر ایک ساتھ اتنے ٹیسٹ کھیلے گی، نیوزی لینڈ کو ایک ٹیسٹ اور ٹوئنٹی 20 سے محروم کردیا۔تفصیلات کے مطابق دنیا کے سب سے امیر ترین بھارتی بورڈ کی انٹرنیشنل کرکٹ میں من مانیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا، اب اس نے براہ راست فیوچر ٹور پروگرام پر اثر انداز ہونا شروع کردیا ہے، تمام ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے لیے موزوں شیڈول خود ہی تیار کرنا شروع کردیے،اس کے غیض و غضب کا نشانہ اس وقت جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ بنا ہوا ہے۔ جس نے حکم عدولی کرتے ہوئے لورگاٹ کو اپنا چیف ایگزیکٹیو مقرر کردیا تھا،ایف ٹی پی کے تحت بھارتی ٹیم کو نومبر سے جنوری تک جنوبی افریقہ کا دورہ کرنا ہے، پروٹیز بورڈ باقاعدہ شیڈول تیار کرکے منظوری کیلیے بی سی سی آئی کو بھیج چکا مگر ابھی تک اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا،نومبر میں ویسٹ انڈیز کو بھی2 ٹیسٹ میچز کیلیے بھارت مدعو کرلیا گیا جس سے اس ٹور پر غیریقینی کے سائے بڑھ گئے ہیں، بی سی سی آئی کے صدر این سری نواسن کا کہنا ہے جنوبی افریقہ کا ٹور منسوخ نہیں ہوگا، ایک اور آفیشل کا کہنا ہے کہ ہم کسی بھی فیصلے سے قبل اپنے اور کھلاڑیوں کے مفادات کو دیکھیں گے۔

تبصرے بند ہیں.