مالدیپ کے’’آئرن مین‘‘علی اشفاق نے لنکا ڈھا دی

کھٹمنڈو: ساف فٹبال چیمپئن شپ میں مالدیپ کے ’’آئرن مین‘‘ علی اشفاق نے لنکا ڈھا دی، 6 گول داغ کر اپنی ٹیم کو آئی لینڈرز کیخلاف10-0سے فتح دلادی، برق رفتار فارورڈ نے صرف7 منٹ کے دوران4 بار گیندکو جال میں پھینک کر شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی، افغانستان نے بھوٹان کو 3-0 سے زیر کرلیا، آج پاکستان کا مقابلہ نیپال سے ہو گا، دوسرے میچ میں بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز گروپ بی میچ میں مالدیپ نے گولز کی بوچھاڑ کرتے ہوئے سری لنکا کو 10-0کے ریکارڈ مارجن سے آؤٹ کلاس کردیا، فاتح ٹیم نے5 ویں منٹ میں ہی اسد اللہ کے گول کی بدولت برتری حاصل کی‘21 ویں منٹ میں پنالٹی شوٹ پر علی اشفاق نے اسکور2-0 کر دیا، انھوں نے دوسرے ہاف کے آغاز میں2 منٹ کے وقفے سے 2 گولز کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی، ملکی شائقین میں ڈاگینڈی (آئرن مین) کی عرفیت سے پہچانے جانے والے فارورڈ نے اپنا چوتھا اور پانچواں گول کرنے میں بھی زیادہ وقت نہیں لیا، وقفے کے بعد صرف 7 منٹ کے دوران علی اشفاق نے 4 بارگیندکو جال میں پھینک کر شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی، میچ ختم ہونے سے 15منٹ قبل حسن ادھم نے بھی سری لنکن دفاع پاش پاش کرتے ہوئے ٹیم کا 7 واں گول داغ دیا، بعد ازاں 2 منٹ میں علی فاصر، علی عمر اور علی اشفاق نے مزید 3 بار آئی لینڈرز کے ڈیفنڈرز کو چکمہ دے کر میچ کا اختتام 10-0 کی فتح پرکیا۔دوسرے میچ میں افغانستان نے آغاز میں ہی بھوٹان پر دباؤ بڑھایا لیکن صادق کی زوردار کک گول کیپر نے روک لی، جوابی حملے میں افغانستان کے حماد اللہ نے یہی عمل دہرایا، بعد ازاں دونوں طرف سے فارورڈز ایک دوسرے کے گول پوسٹ کی طرف بڑھتے رہے تاہم افغانستان کے مصطفی کے کراس پر فرخ الدین گیندکو جال کی راہ دکھانے میں کامیاب ہو گئے، وقفے تک اسکور1-0 تھا، دوسرے ہاف میں بھوٹان نے زیادہ دفاعی انداز اپنایا لیکن حکمت عملی ناکام رہی، کھیل کے 75 ویں منٹ میں مصطفی نے انفرادی کوشش سے گول کرکے افغان ٹیم کی برتری دگنی کر دی، 7 منٹ بعد ہی حشمت اللہ نے 3 کھلاڑیوں کو ڈاج دے کر گول بنا کر ٹیم کی فتح پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔ منگل کو گروپ اے کے2میچ شیڈول ہیں، پاکستان کا مقابلہ میزبان نیپال سے ہو گا جبکہ بھارتی ٹیم کو بنگلہ دیشی چیلنج درپیش ہے۔ اپنے پہلے میچ میں کپتان ثمر اسحاق کے اون گول کے سبب بھارت کے ہاتھوں 1-0 سے مات کھانے والے گرین شرٹس کے حوصلے اب بھی توانا ہیں، کوچ شہزاد انور کو ٹیم سے خاصی اُمیدیں وابستہ ہیں، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ دفاعی چیمپئن بھارت کیخلاف کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کیا، ڈیفنڈرز اور گول کیپر بدقسمتی سے غلط فہمی کا شکار نہ ہوتے تو میچ کا نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا، انھوں نے کہا کہ خسارے میں جانے کے بعد پاکستان نے حریف ٹیم کو دباؤ میں کھیلنے پر مجبور کر دیا تھا لیکن گول کرنے کے چند سنہری مواقع ضائع ہونیکی وجہ سے ہم میچ میں واپس نہ آ سکے، کوچ نے کہا کہ پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 2-0 سے زیر کرنے والی نیپالی ٹیم بھی آسان حریف نہیں ہے، کھلاڑی اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہوئے بلند عزائم کیساتھ میدان میں اتریں گے، کوشش ہو گی کہ پہلی فتح ریکارڈ کراکے ایونٹ میں پیش قدمی کے امکانات برقرار رکھیں۔

تبصرے بند ہیں.