کراچی: پی سی بی کے تحت عظیم آل رائونڈر وسیم اکرم کی زیر نگرانی فاسٹ بولرز کا10 روزہ تربیتی کیمپ پیر کو اختتام پذیر ہورہا ہے۔
سابق ٹیسٹ کپتان نے اتوار کو بھی قومی ٹیم کے بولنگ کوچ محمد اکرم کی معاونت سے کیمپ میں شریک بولرز کی تربیت کا سلسلہ جاری رکھا، روزانہ معمول کے مطابق صبح کی بجائے دوپہر میں شروع ہونے والے 4 گھنٹے کے سیشن میں خصوصی طور پر تیار کی جانے والی وکٹوں پر وسیم اکرم بولرز کو بولنگ کے مختلف گر سکھاتے رہے، انھوں نے بائونسی اور فلیٹ وکٹ پر مرحلہ وار پریکٹس کرائی اور ہر بولر کی انفرادی طور پر یارکر، ان سوئنگ ، آئوٹ سوئنگ، گرپ پکڑنے اور وکٹ اڑانے کی مشق کا جائزہ لیا اور ان کی خامیوں کو دور کرنے کے لیے مشورے دیے۔دریں اثناکیمپ میں شریک نوجوان فاسٹ بولرکراچی بلوز اور ڈولفنز کے انور علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اکرم فاسٹ بولرز کے لیے رول ماڈ ل کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی نگرانی میں کیمپ میں سیکھنے کا موقعہ ملا،زمبابوے کے خلاف 2008 میں اپنا واحد ٹی ٹوئنٹی ا نٹر نیشنل کھیلنے والے 25 سالہ انور علی نے کہا کہ وسیم اکرم سے تربیت ان کی کارکردگی پر بہتر اثرات مرتب کرے گی، دریں اثناء قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن اور سابق ٹیسٹ بولر سلیم جعفر نے بھی کیمپ میں بولرز کی کار کردگی کا جائزہ لیا، کیمپ کی اختتامی تقریب میں پی سی بی کے ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ اور کرکٹ آپریشنز انٹرنیشنل و سابق ٹیسٹ کپتان انتخاب عالم خصوصی شرکت کریں گے۔
تبصرے بند ہیں.