Latest National, International, Sports & Business News

چیمپئنز لیگ سے کرکٹ بورڈز مشکلات کا شکار ہونے لگے

چیمپئنز لیگ سے کرکٹ بورڈز مشکلات کا شکار ہونے لگے، انھیں اپنے پلیئرز کو ملکی ٹیموں کی نمائندگی کیلیے روکنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کو آئندہ ماہ شیڈول ایونٹ میں راجستھان رائلز کیلیے شین واٹسن کو نہ چاہتے ہوئے بھی ریلیز کرنے کا کڑوا گھونٹ پینا پڑیگا، جس سے اس کی جوابی ایشز سیریز کیلیے تیاریاں مزید پیچیدگیوں کا شکار ہوسکتی ہیں، پہلا ایشز ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں کھیلا جائیگا،اس سے قبل کینگروز کو انگلینڈ سے2 ٹوئنٹی 20 اور 6 ون ڈے میچز کھیلنے ہیں، بھارت میں ایک ٹی20 اور 7 ایک روزہ میچز بھی ہوں گے، اس دوران بورڈ چاہ کر بھی اپنے پلیئرز کو چیمپئنز لیگ کھیلنے سے نہیں روک سکتا کیونکہ وہ اس ایونٹ کا خود بھی ایک پارٹنر ہے، قوانین کی رو سے واٹسن اور مچل جونسن کو راجستھان رائلز کی نمائندگی کرنی ہے،ان کی بگ بیش فرنچائزبرسبین ہیٹ ہرجانے کے طور پر تین لاکھ ڈالر وصول کریگی۔دوسری جانب سری لنکا کرکٹ نے چیمپئنز لیگ میں کمارسنگاکارا کو ملکی سائیڈ میں کھلانے کی کوششیں تیز کردیں، سابق کپتان کی ملکی ٹیم کنڈورتا مارونز کے ساتھ انکی آئی پی ایل ٹیم سن رائزرز حیدرآباد بھی چیمپئنز لیگ کیلیے کوالیفائی کرچکی ہے،گذشتہ روز اس سلسلے میں سنگاکارا کی بورڈ حکام سے ملاقات ہوئی تاہم کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ بورڈ سیکریٹری نشانتھا رانا ٹنگا کا کہنا ہے کہ ہم سن رائزرزکو بھی راضی کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ سنگاکارا کو ریلیزکردیں۔

تبصرے بند ہیں.