Latest National, International, Sports & Business News

یو ایس اوپن کی شروعات؛ سرینا ولیمز اور نڈال آج ایکشن میں نظر آئیں گے

سیزن کا چوتھا اور آخری گرینڈ سلم پیر سے نیویارک میں شروع ہورہا ہے۔ ویمنز سنگلز چیمپئن سرینا ولیمز کی پہلی آزمائش اطالوی حریف فرانسسکا شیوانے سے میچ میں ہوگی، ان کی بڑی بہن وینس کو بیلجین پلیئر کرسٹن فلپکنز کا سامنا رہے گا، مینز سنگلز میں سیکنڈ سیڈ رافیل نڈال کا پہلا ٹاکرا امریکی کھلاڑی ریان ہیریسن سے ہوگا، ان کے ہموطن فورتھ سیڈ ڈیوڈ فیرر آسٹریلیا کے نک کریگوس کیخلاف میدان سنبھالیں گے، سوئس ماسٹر راجرفیڈرر کو سلواکیہ کے گریگا زیملج سے صف آرا ہونا ہے، اگنیسکا ریڈوانسکا کا مقابلہ اسپینش حریف سلویا سولر ایسپونسا سے ہوگا، ابتدائی دن شیڈول دیگر میچز میں نامور پلیئر چین کی لینا کا مقابلہ بیلاروس کی اولگا گورٹسووا سے ہوگا، جیلینا جینکووچ کو میزبان پلیئر میڈیسن کیز سے ابتدائی میچ کھیلنا ہے۔ جرمن پلیئر اینجلیک کیربر کو جمہوریہ چیک کی لوسیا ہارڈیکا پر غلبہ پانے کی صورت میں دوسرے رائونڈ میں جگہ مل پائے گی، ویمنز سنگلز میں سرینا ولیمز جبکہ مینز سنگلز میں برطانیہ کے اینڈی مرے اعزاز کا دفاع کررہے ہیں، مینز ڈبلز میں امریکی ریکارڈساز جوڑی برائن برادرز باب اور مائیک کو دیگر پلیئرز چیلنج کریں گے، پاکستانی اسٹار اعصام الحق بھی مسکڈ ڈبلز اور مینز ڈبلز میں یوایس اوپن میں عمدہ کارکردگی کا ریکارڈ رکھتے ہیں، تاہم ابھی دونوں ایونٹس کے ڈراز کا اعلان نہیں کیاگیا ہے، 17 مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن راجرفیڈرر کو ایونٹ میں 7 سیڈنگ دی گئی ہے، جو 2002 کے بعد سے یوایس اوپن میں ان کی کمترین سیڈنگ ہے، تاہم وہ تمام ناقدین کو غلط ثابت کرنے کا عزم لیکر میدان میں اتریں گے۔32 سالہ سوئس اسٹار پیر کی شب اپنا ابتدائی مقابلہ سلووینیا کے گریگا زیملج کیخلاف کھیلیںگے، وہ رواں برس ومبلڈن میں دوسرے رائونڈ میں باہر ہوگئے تھے، انھوں نے عالمی درجہ بندی میں اپنی ساتویں پوزیشن پر تنزلی کو معمولی جھٹکا قرار دیا، ان کا کہنا ہے کہ میں نمبر4 سے 7 پر چلے جانے کو بڑی تنزلی خیال نہیں کرتا، لیکن لوگوں کی اپنی سوچ ہے، میرے لیے سب سے اہم چیز اپنے کھیل پر توجہ دینا ہے، میں درست سمت میں گامزن رہتے ہوئے اپنی تیاریاں مکمل رکھتا ہوں، میں ٹورنامنٹ جیتنے کا عزم رکھتا ہوں، ایسے میں رینکنگ غیراہم ہوجاتی ہے، اسی طرح موجودہ عالمی نمبرون سربیا کے نووک جوکووک بھی مسلسل چوتھی بار یوایس اوپن کے فائنل تک پہنچنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اگرچہ گرینڈ سلم سے قبل کھیلے گئے دو ایونٹس میں وہ فیصلہ کن معرکے تک پہنچنے میں ناکام رہے ہیں۔ رواں برس کے اوائل پر چوتھا آسٹریلین اوپن اور مجموعی طور پر چھٹی گرینڈ سلم ٹرافی اپنے نام کرنے والے جوکووک کا مزید کہنا ہے کہ گذشتہ دو ہفتے کھیلے گئے ایونٹس میں میری کارکردگی بہترین رہی لیکن جن دو میچزمیں مجھے شکست ہوئی وہاں پر مقابلہ تیسرے سیٹ میں میرے ہاتھوں سے نکلا، مجھے زیادہ پرسکون انداز رہتے ہوئے درست اسٹروکس کھیلنا ہوں گے تاہم اس کے باوجود میرا اعتماد متزلزل نہیں ہوا ہے، یہ گرینڈ سلم ایونٹ ہے جو دیگر ایونٹس سے مختلف ہوتا ہے، ویمنز سنگلز میں رواں برس عمدہ کھیل پیش کرنے والی سرینا ولیمز کو اس برس بھی ہوم ایونٹ کی ٹرافی کیلیے فیورٹ خیال کیا جارہا ہے، سیکنڈ سیڈ وکٹوریا آذرنیکا سے انھیں مسابقت کا سامنا رہے گا۔ سرینا نے کہا کہ میں نیویارک ایونٹ کیلیے پوری طرح تیار ہوں، وہ گذشتہ 14 ماہ میں 77-4 کا شاندار ریکارڈ رکھتی ہیں، جس میں انھوں نے گزشتہ برس ومبلڈن، لندن اولمپکس اور یوایس اوپن ٹائٹلز بھی اپنے نام کیے تھے، رواں برس فرنچ اوپن کا تاج بھی ان کے سرپر سجاتھا، تاہم رواں برس آذرنیکا نے انھیں دو مرتبہ شکست دیکر خطرے کی گھنٹی بجادی ہے، فروری میں دوحا ایونٹ کے فائنل میں ناکامی کے بعد گذشتہ ہفتے سنسناٹی ماسٹرز کے فائنل میں بیلاروسی پلیئر نے سرینا کو زیر کیا تھا، ان کے علاوہ 2011 کی چیمپئن سمانتھا اسٹوسر بھی رواں برس نیویارک آمد سے قبل اپنے دیرینہ کوچ ڈیوڈ ٹیلر کا ساتھ کھوچکی ہیں، تاہم گرینڈ سلم میں انھیں آسٹریلین فیڈریشن کپ ٹیم کی کپتان الیسا مولک کی رہنمائی حاصل رہے گی۔

تبصرے بند ہیں.