کم روشنی نے آسٹریلیا کو ناکامی سے بچالیا، پانچواں ایشز ٹیسٹ آخری لمحات میں ڈرا قرار دے دیا گیا، انگلینڈ کو فتح کیلیے 21 رنز جبکہ آسٹریلیا کو مزید 5 وکٹیں درکار تھیں، سیریز 3-0 سے انگلینڈ کے نام ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پانچواں ایشز ٹیسٹ آخری روز انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا، پہلے ہی سیریز گنوادینے والی کینگرو سائیڈ نے جیت کی تلاش میں دوسری اننگز 111 رنز 6 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کرکے انگلینڈ کو فتح کیلیے تقریباً 45 اوورز میں 227 رنز کا ہدف دیا، پانچویں اوور میں جوئے روٹ 11 رنز پر آؤٹ ہوگئے تاہم الیسٹرکک اور جوناتھن ٹروٹ اسکور کو 86 تک لے گئے، کک کے 34 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد ٹروٹ نے پیٹرسن کے ساتھ مل کر مجموعے کو 163 تک پہنچایا، پیٹرسن 62 اور ٹروٹ 59 رنز پر آؤٹ ہوئے، بیل جب 17 رنز پر رن آؤٹ ہوئے تو اس وقت انگلینڈ کو فتح کیلیے مزید 21 رنز درکار جبکہ 4 اوورز باقی تھی، اس موقع پر آسٹریلوی کپتان نے ممکنہ شکست سے بچنے کیلیے امپائرز سے کم روشنی کی شکایت کی اور امپائرز نے ان کی تائید کرتے ہوئے میچ ڈرا کردیا۔قبل ازیں انگلینڈ نے پانچویں دن کا آغاز 247 رنز 4 وکٹ سے کیا، چوتھے دن کا کھیل مکمل طور پر بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ کرس ووکس 25 رنز بناکر ہیرس کی گیند پر کلارک کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، ای ین بیل بھی اننگز کو طول نہیں دے پائے اور 45 رنز پر فالکنر کا شکار بن گئے، وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن نے ڈائیو لگا کر عمدگی سے کیچ تھاما، اسٹورٹ براڈ (9) کو اسٹارک نے بولڈ کیا، میٹ پرائر نے فالکنر کی گیند پر اسٹارک کے ہاتھوں کیچ ہونے سے قبل 47 رنز اسکور کیے، گریم سوان نے 34 رنز بناکر مہمان سائیڈ کیلیے فرسٹریشن بڑھائی، انھیں فالکنر نے اپنی چوتھی ٹیسٹ وکٹ بناکر میزبان اننگز کا 377 رنز پر خاتمہ کردیا، اسٹارک نے تین اور ہیرس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 115 رنزکی برتری سے کیا، میچ کو فیصلہ کن بنانے کے ارادے سے کینگروز نے شروع سے ہی تیز رفتاری کا مظاہرہ کیا، اس دوران وکٹیں گرتی رہیں، 111 رنز پر 6 وکٹوں پر آسٹریلیا نے دوسری اننگز ڈیکلیئرڈ کردی۔
تبصرے بند ہیں.