عالمی بینک کے جنوبی ایشیا خطے کے نائب صدر فلپ لی ہیورو نے کہا ہے کہ عالمی بینک پالیسی اور کارکردگی پر مبنی سپورٹ کے ذریعے اصلاحات کے نفاذ میں پاکستانی حکومت کو معاونت فراہم کرنے کیلیے تیار ہے، انہوں نے یہ بات نئی دہلی سے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت جن پیچیدہ چیلنجوں کا سامنا ہے اس میں حکومت کو نہ صرف مختلف سیکٹرز میں اصلاحات بلکہ ان کی مناسب ترتیب رکھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں موجودہ عالمی بینک کے مشن کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق فلپ لی ہیورو نے حکومت کیساتھ ترقیاتی ترجیحات اور بین الاقوامی ترقیاتی ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستان کیلیے اگلے دس ماہ کیلیے توانائی ریونیو موبلائزیشن اور سماجی شعبے میں اصلاحات کیلیے 1.5ارب ڈالر کی معاونت کے پروگرام کے حوالے سے گفتگو کیانہوں نے پیچیدہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلیے پاکستان کے اقتصادی منصوبے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ عالمی بینک مائیکرو اکانومی کے استحکام میں حکومت کیساتھ تعاون کرے گا۔ انہوں نے آئی ایم ایف کیساتھ کامیاب مذاکرات اور ابتدائی اصلاحاتی ایکشن کو عملی جامہ پہنانے میں تندہی دکھانے پر حکومت کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران عالمی بینک کے نائب صدر فلپ ہیورو نے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، جس میں انہوں نے عالمی بینک کی جانب سے شہری ترقی کے شعبوں میں صوبائی حکومت کو معاونت کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنے، اچھی حکمرانی اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کے اقدامات کو سراہا۔
تبصرے بند ہیں.