Latest National, International, Sports & Business News

تیل وگیس تلاش مہنگی،ایکسپلوریشن فرمزکامنافع4 فیصدکم

کراچی: تیل و گیس کی تلاش کے منصوبوں پر بڑھتے ہوئے اخراجات کے سبب ای اینڈ پی کمپنیوں کی آپریشنل لاگت غیرمعمولی طور پر بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے ریونیو میں اضافے کے باوجود اس سیکٹر کے خالص منافع میں کمی کا سامنا ہے۔ ای اینڈ پی سیکٹر سے متعلق ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی ایک رپورٹ کے مطابق مالی سال 2012-13کے دوران پاکستان کی لسٹڈ آئل اینڈ گیس ایکسپلوررز کمپنیوں کا مجموعی ریونیو 10فیصد اضافے سے 354.6 ارب روپے رہا، تیل کی پیداوار میں 13فیصد اضافہ اور پاکستانی روپے کی قدر میں 8فیصد کمی اس شعبے کے ریونیو میں اضافے کی اہم وجوہ قرار دی جا رہی ہیں۔تاہم ایکسپلوریشن کاسٹ میں 50فیصد اضافے کی وجہ سے ریونیو میں اضافے کے باوجود اس شعبے کو خالص منافع میں 4فیصد کمی کا سامنا ہے اور مالی سال 2011-12کے 150ارب روپے کے خالص منافع کے مقابلے میں لسٹڈ ایکسپلوریشن کمپنیوں کو سال 2012-13 میں 143.6 ارب روپے کا منافع حاصل ہوا، ایکسپلوریشن کاسٹ میں اضافہ کمپنیوں کی توقع سے بھی زائد رہا اور مجموعی طور پر کمپنیوں کو 50فیصد اضافے سے 47.4 ارب روپے کی ایکسپلوریشن کاسٹ کا سامنا کرنا پڑا، کمپنیوں کی ٹیکس ادائیگیوں میں 22 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر 79.4 ارب روپے کے ٹیکس ادا کیے گئے۔

تبصرے بند ہیں.