Latest National, International, Sports & Business News

اوول ٹیسٹ؛ آسٹریلوی گرفت مضبوط، انگلش ریسکیو آپریشن جاری

لندن: اوول ٹیسٹ میں آسٹریلوی گرفت بدستور مضبوط جبکہ انگلینڈ کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ میزبان ٹاپ آرڈر بیٹسمین مناسب آغاز کو بڑی اننگز میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے،ٹیم کو مسلسل دوسری بیٹنگ سے محفوظ رہنے کیلیے ابتدائی ہدف 293 رنز عبور کرنا ہوگا، اس نے تیسرے دن کے اختتام پر 4 وکٹیں گنوا کر 247 رنز جوڑلیے، آسٹریلیا کو اب بھی 245 رنز کی سبقت حاصل ہے، ای ین بیل 29 اور کرس ووکس 15 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، دونوں 30 رنز کی شراکت بناچکے، کیون پیٹرسن 50 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، جوئے روٹ نے بھی نصف سنچری بنائی۔ تفصیلات کے مطابق اوول ٹیسٹ کے تیسرے دن بھی آسٹریلوی برتری قائم رہی، مہمان ٹیم کی پہلی اننگز کے مجموعے 9 وکٹ 492 رنز کے جواب میں میزبان سائیڈ نے4 وکٹ پر 247 رنز جوڑلیے، اننگز کا خسارہ اتارنے کیلیے انھیں اب بھی 245 رنز درکار ہیں۔ٹیم کا پہلا ہدف 293 رنز بناکر فالوآن کو ٹالنا ہے، انگلینڈ نے اپنی نامکمل اننگز کو بغیر کسی نقصان 32 رنز سے شروع کیا، ابتدائی سیشن میں 38 اوورز کے کھیل میں 84 رنز ہی بن پائے، کک اور جوئے روٹ نے ٹیم کو 68 رنز کی بنیاد فراہم کی، کک اس مرتبہ بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور محض 25 رنز بنانے کے بعد ایشز کے کامیاب آسٹریلوی بولر ریان ہیرس کا شکار بنے، کپتان کے میدان بدر ہونے کے بعد روٹ نے ٹروٹ کی شراکت میں مجموعہ 118 تک پہنچایا۔ اس موقع پر روٹ 68 رنز بنانے کے بعد حریف اسپنر ناتھن لیون کی گھومتی ہوئی گیند پر شین واٹسن کا کیچ بن گئے، ٹروٹ اور پیٹرسن نے تیسری وکٹ کیلیے 58 رنز کی پارٹنر شپ سے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنایا، ٹروٹ (40) کی اننگز کا خاتمہ مچل اسٹارک کی گیند پر ہوا، انگلش بیٹسمین نے اگرچہ پاکستانی امپائر علیم ڈار کے ایل بی ڈبلیو کے فیصلے کو چیلنج کیا لیکن تھرڈ امپائر کمار دھرماسینا نے ان کی مدد نہ کی، پیٹرسن نے ای ین بیل کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلیے 41 کی پارٹنرشپ بناکر ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی، 217 کے ٹوٹل پر پیٹرسن بھی اسٹارک کے بچھائے ہوئے جال میں پھنس گئے، انھوں نے واٹسن کو کیچ دینے سے قبل 50 رنز اسکور کیے۔

تبصرے بند ہیں.