Latest National, International, Sports & Business News

بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں؛ ٹیکس وصولیاں اور معاشی اہداف متاثر ہونے کا خدشہ

اسلام آباد: ملک میں بھر ہونے والی حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے باعث رواں مالی سال کے لیے مقررکردہ معاشی اہداف متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ اس ضمن میں ایک اعلیٰ سرکاری افسر نے  بتایا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے ملک بھر میں آنے والے سیلاب اور بارشوں سے ہونے والی تباہ کاریوں اور نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے اور ان نقصانات کے حتمی اعدادوشمار موصول ہونے کے بعد اصل صورتحال معلوم ہوسکے گی تاہم اتنا ضرور ہے کہ ملک میں ہونے والے نقصانات اور تباہ ہونے والی فصلوں کے باعث حکومت کی طرف سے رواں مالی سال 2013-14 کے لیے مقرر کردہ جی ڈی پی گروتھ، ریونیو مالیاتی خسارے سمیت دیگر معاشی اہداف متاثر ہونے کا خطرہ ہے کیونکہ بڑے پیمانے پر فصلیں تباہ ہونے سے جی ڈی پی گروتھ متاثر ہوگی۔اس کے علاوہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے اگر اشیائے ضروریہ درآمد کرنا پڑیں تو اس سے ملک کے زرمبادلہ پر مزید بوجھ پڑے گا اور ملک کا تجارتی خسارہ بھی بڑھ سکتا ہے، اس کے علاوہ اقتصادی سرگرمیاں متاثر ہونے کے باعث رواں مالی سال کے لیے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ حکام نے بتایا کہ سیلاب اور بارشوں کی تباہ کاریوں کے نقصانات کے اعدادوشمار موصول ہونے کے بعد اس بارے میں فیصلہ کیا جائیگا کہ ان تباہ کاریوں کے معاشی اہداف پرممکنہ اثرات کے مطابق معاشی اہداف کی ایڈجسٹمنٹ کرنا ہے یا نہیں۔

تبصرے بند ہیں.