Latest National, International, Sports & Business News

ایس ای سی پی نے شریعہ ایڈوائزری بورڈ کے قیام کی منظوری دیدی

کراچی: سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اسلامی مالیاتی اداروں کی ضروریات اورلین دین سے متعلق شرعی اصولوں کی واضح تشریح کی اہمیت وضرورت کومدنظر رکھتے ہوئے شریعہ ایڈوائزری بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ جس کے نتیجے میں کہ ایسے تمام ادارے جواسلامی مالیاتی خدمات فراہم کرتے ہیں انکی خدمات ومعاملات اسلام کے شرعی اصولوں کے مطابق رکھنے کی ذمے داری شریعہ ایڈوائزی بورڈ کی ہوگی جبکہ اسلامی مالیاتی خدمات فراہم کرنے والے ادارے مختلف امور پر شریعہ ایڈوائزی بورڈ کی رائے حاصل کرنے کے بھی پابند ہوں گے، ایڈوائزی بورڈ ایس ای سی پی ایکٹ 1997 کے سیکشن9 کے تحت تشکیل دیا جائے گا، شریعہ ایڈوائزری بورڈ9 اراکین پر مشتمل ہو گا جن میں معروف عالم دین، ججز، مالی امور کے ماہرین اورایس ای سی پی کے نامزد حکام شامل ہوں گے۔ کمیشن نے شریعہ بورڈ کے ممبران کے لیے اہلیت کا معیار بھی مقررکر دیا ہے جس کے مطابق ارکان کے لیے معاشیات، فنانس، اسلامک اکاؤنٹنگ اور شریعہ قوانین کی تعلیم اور تجربہ کا حامل ہونا لازمی ہوگا۔ایس ای سی پی کے لیے بطور مشیر اور ریفرنس باڈی کے کام کرنے کے علاوہ، شریعہ ایڈوائزی بورڈ اسلامی فنانشل مارکیٹ جیسے اسلامک میوچل فنڈز، اسلامک پنشن فنڈز، تکافل آپریٹرز، مضاربہ کمپنیز اوردیگر اسلامی لین دین سے متعلق شریعہ کے اصولوں کے مطابق قوانین کی تشریح بھی کرے گا، مزید براںشریعہ ایڈوائزری بورڈ کی سب سے اہم ذمے داری مختلف کمپنیوں کی جانب سے متعارف کی جانے والی اسلامی خدمات اور پراڈکٹ کی توثیق کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کمپنیوں کی تمام اسلامی پراڈکٹ اور خدمات اسلامی شریعہ کے اصولوں کے عین مطابق ہو، شریعہ ایڈوائزی بورڈ اسلامی کیپٹل مارکیٹ کے لیے ریگولیشن و اکاؤنٹنگ اور آڈٹ کے قواعد بھی وضع کرے گا جبکہ اس حوالے سے سرمایہ کاروں میں آگہی پیدا کرنے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ ایس ای سی پی کی جانب سے شریعہ ایڈوائزری بورڈ کا قیام پاکستان میں اسلامی کیپٹل مارکیٹ کے فروغ اور اسلامی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے لیے گورننس کا بہترین نظام قائم کرنے میں معاون ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.