لاہور: انگلینڈ میں ناقابل تسخیر رہنے والی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب لاہور کے علامہ اقبال ائیر پورٹ آنے والے کھلاڑیوں کا شائقین اور اہل خانہ نے شاندار استقبال کیا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں ٹرائنگولر سیریز جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کا لاہور میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کپتان سمیع اسلم نے کہا کہ فتح میں ہر کھلاڑی نے بھرپور کردار ادا کیا، فائنل میں بھی میزبان انگلش ٹیم کا کوئی دبائو قبول کیے بغیر بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم کا اصل ہدف ورلڈ کپ 2014 ہے،آئندہ ٹورز کے دوران بھی بہترین تیاری کا موقع ملے گا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں گے، انھوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کیلیے الگ الگ فٹنس پلان بنایا گیا جس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہورہے ہیں، فیلڈنگ کے شعبہ میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے جس پر کام کریں گے۔منیجر علی ضیا نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ نے انگلینڈ میں صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا، وہاں موجود پاکستانی شائقین نے بھی اپنی ٹیم کی خوب حوصلہ افزائی کی۔ انھوں نے کہا کہ بطور منیجر کھلاڑیوں کو ملک کے بہترین سفیر کے طور پر پیش کرنا میری ذمہ داری تھی، آن اور آف دی فیلڈ بہترین ڈسپلن دیکھنے میں آیا، کپتان سمیع اسلم بہترین کھیل سے دوسرے کھلاڑیوں کیلیے مثال بنے، کامران غلام نے چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے جارحانہ انداز میں حریف بولرز کے چھکے چھڑائے، ظفر گوہر کی بولنگ میں کارکردگی شاندار تھی، فاسٹ بولرز نے بھی عمدہ پرفارم کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ دیگر پلیئرز نے بھی کسی نہ کسی طور فتح میں حصہ ڈالا، یہی ٹیلنٹ ملک کا اثاثہ ہے جو آگے چل کر سینئر ٹیم کے کام آئے گا۔ کوچ اعظم خان نے کہا کہ ورلڈ کپ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ابھی سے تیاری شروع کردیں گے، کیمپ میں فیلڈنگ اور فٹنس پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا مورال خاصا بلند ہو گیا لیکن انڈر 19 کرکٹرز کو ابھی سے توقعات کے بوجھ تلے دبا دینا درست نہیں ہوگا، بہترین کرکٹ کھیلتے ہوئے100 فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کرینگے، امید ہے کہ مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
تبصرے بند ہیں.