Latest National, International, Sports & Business News

ایشین یوتھ گیمز: میڈل کی آخری پاکستانی امید بھی ختم

ننجنگ: ایشین یوتھ گیمز میں اسکواش ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل نہ رہ سکی، یوں میڈل کے حصول کی آخری پاکستانی امید بھی ختم ہوگئی۔ 4 سوئمرز کا سفر بھی ابتدائی مرحلے تک محدود رہا۔ تفصیلات کے مطابق چین میں جاری ایشین یوتھ گیمز میں میڈلز کے لیے پاکستان کی تمام امیدیں اسکواش کھلاڑیوں سے وابستہ تھیں، نوجوان پلیئرز اسرار احمد اور محمد فرحان پہلے انفرادی مقابلوں میں متاثر کن کارکردگی دکھانے سے قاصر رہے،بعد میں ٹیم مقابلوں میں بھی گروپ میں تیسرے نمبر پر رہنے کے باعث سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی نہ کرسکے۔ ایونٹ میں ہر ملک کی ٹیم تین کھلاڑیوں پر مشتمل تھی جبکہ پاکستان کے صرف 2پلیئرز حصہ لیتے رہے، تیسرے کی عدم دستیابی کا حریف سائیڈز نے بھرپور فائدہ اٹھایا کیونکہ انھیں میچ اپنے نام کرنے کیلیے صرف ایک حریف کو زیر کرنا تھا۔ پاکستانی ٹیم کو فتح کے لیے اپنے دونوں مقابلے جیتنے پڑتے۔ایونٹ کے آخری گروپ میچ میں پاکستانی سائیڈ نے میزبان چین کو 2-1 سے زیر کیا مگر اس فتح کے باوجود وہ اگلے رائونڈ تک نہ پہنچ سکی۔ گروپ اے سے بھارت اور اردن کی ٹیموں نے فائنل فور کیلیے کوالیفائی کیا۔ پاکستان نے ایونٹ کے دوران جنوبی کوریا اور چین کو زیر کیا جبکہ اسے بھارت اور اردن کیخلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گروپ بی سے سیمی فائنل میں رسائی پانے والی ٹیمیں ملائیشیا اور ہانگ کانگ رہیں۔ ایشین ایونٹ کے سوئمنگ مقابلوں میں جمعرات کے روز چار پاکستانی پلیئرزمینز اور ویمنز 100 میٹر فری سٹائل ایونٹ میں پول میں اترے، مینز میں محمد سعد اور محمد یحییٰ دونوں کا ٹائم اتنا کم تھا کہ وہ اگلے مرحلے میں نہ پہنچ پائے۔ ویمنز 100 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں آنیدا اور اریشا بھی ہیٹ میں کم ٹائم کی وجہ سے اپنے سفر کو مزید جاری نہ رکھ سکیں۔

تبصرے بند ہیں.