Latest National, International, Sports & Business News

کرکٹ فرنٹ میں بھی کشیدگی؛ پاکستان پر بھارت کی لفظی گولہ باری شروع

لاہور: سیاسی درجہ حرارت میں اضافے کے بعد پاک بھارت کرکٹ فرنٹ میں بھی کشیدگی بڑھ گئی، بھارت نے پاکستان پر لفظی گولہ باری بھی شروع کر دی ہے۔ ڈھکے چھپے الفاظ میں چیمپئنز لیگ سے فیصل آباد وولفز کو دور رکھنے کا اشارہ دے دیا گیا، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت پاکستان کی کسی ٹیم کی ایونٹ میں شرکت پر آمادہ نہیں اور جلد اعلان کردیا جائے گا، دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ نے ڈپلومیٹک انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ابھی ایونٹ کے انعقاد میں کچھ وقت باقی ہے،اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرنے سے قبل صورتحال کا بڑے محتاط انداز میں جائزہ لیں گے۔ دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی کوئی قدم اٹھانے سے قبل حکومت سے مشورہ کرنا ہوگا، نازک صورتحال سامنے آنے کے بعد کھلاڑی غیر یقینی کیفیت سے دوچار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے سیاسی کشیدگی کا نزلہ کھیلوں پر گرانے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے پاکستانی ٹیموں کے ساتھ متعصبانہ رویہ برتنے میں کبھی کسر نہیں چھوڑی، ہرزہ سرائی میں مشہور میڈیا بھی اس معاملے میں پیچھے نہیں رہتا۔ آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت شجر ممنوعہ قرار دیدی گئی، انڈین ہاکی لیگ میں شمولیت کیلیے جانے والے 9 پلیئرز کھیلے بغیر ہی وطن واپسی پر مجبور ہوئے، پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ اور بعد ازاں ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 سیریز کیلیے گذشتہ سال دورہ کیا، بھارتی بورڈ نے خوب مال کمایا اور جواب میں پاکستان کو وعدوں پر ٹرخایا، سرحدوں پر ہونے والی حالیہ کشیدگی کے بعد اب فیصل آباد وولفز کی17 ستمبر سے شروع ہونے والے ٹوئنٹی 20 چیمپئنز لیگ کے کوالیفائنگ رائونڈ میں شرکت مشکوک ہو چکی، ٹی وی چینلز پر بھی منفی رپورٹس تسلسل کے ساتھ منظر عام پر آ رہی ہیں، البتہ بھارتی وزارت خارجہ نے اس حوالے سے ڈپلومیٹک انداز اپنا لیا،ایک آفیشل نے سرکاری نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ہمارے ساتھ رابطہ کیا گیا تاہم ابھی مقابلوں کے انعقاد میں کچھ وقت باقی ہے،صورتحال کا بڑے محتاط انداز میں جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.