کراچی اسٹاک ایکس چینج میں عیدالفطر سے قبل آخری ٹریڈنگ سیشن کے دوران غیرمتوقع طور پربینکنگ، سیمنٹ، مواصلات کے شعبوں کے علاوہ ایک کثیرقومی کمپنی میں نچلی قیمتوں پر خریداری رحجان سے تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی۔ جس سے انڈیکس کی 23000 کی نفسیاتی حد ایک بار پھر بحال ہوگئی، تیزی کے باعث78.44 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 1کھرب40 ارب24 کروڑ64 لاکھ61 ہزار571 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے بعد سرکلرڈیٹ کا مسئلہ حل ہونے کی امید اور لسٹڈ کمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج کا سیزن شروع ہونے کی توقعات پر بدھ کو مختلف شعبوں کی جانب سے نچلی قیمتوں پر آئی ہوئی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی گئی جس سے مارکیٹ کا گراف تیزی کی جانب گامزن ہوا، کاروبار کا آغاز اگرچہ مندی سے ہوا جس سے ایک موقع پر 31.70 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن اختتامی لمحات میں حصص کی خریداری بڑھنے سے مندی کے اثرات زائل ہو گئے۔
تبصرے بند ہیں.