پریٹوریا: آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے جنوبی افریقی کرکٹر ٹسولیکل کے ساتھ تلخ کلامی کو ’دل لگی‘ قرار دیدیا۔ گذشتہ ماہ انگلش بیٹسمین جوائے روٹ کو بار میں تھپڑ مارنے پر انھیں جرمانے اور پابندی کیساتھ چیمپئنز ٹرافی ٹیم سے علیحدہ کردیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ان دنوں جھگڑوں کی خبروں سے میڈیا کی زینت بننے والے آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے ہفتے کے روز جنوبی افریقی وکٹ کیپر تھامی ٹسولیکل کیساتھ ہونیوالی تلخ کلامی کو ’دل لگی‘ قرار دیدیا۔ دونوں پلیئرز کے درمیان تلخ کامی کا سبب گیم میں ہونیوالا ابتدائی تنازع بتایا جاتا ہے جب تھامی جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز میں آسٹریلین پلیئرز کے ان کے خلاف تبصروں سے ناخوش تھے، گیم ڈرا ہوگیا تھا۔ اس واقعے کے بعد وارنر نے ٹویٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ دوبارہ کرکٹ کھیلنے پر بہت خوش ہوں، اس ہفتے مستیاں جاری رہیں گی جس کا ایک مظاہرہ وکٹ کیپر کے ساتھ دوستانہ دل لگی تھا، جو بہت پرلطف رہا۔ یاد رہے کہ پریٹوریا میں چار روزہ میچ کے آخری دن دونوں پلیئرز میں کافی تلخ کلامی ہوئی جس کی وجہ سے امپائرز کو بھی مداخلت کرنا پڑی۔ پہلی اننگز میں 198 رنز بنانیوالے وارنر آخری روز دوسری اننگز میں 33رنز پر ہینڈرکس کی بال پر تھامی کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے تھے۔26 سالہ وارنر کو گذشتہ ماہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران ایک بار میں انگلینڈ بیٹسمین جوائے روٹ کو تھپڑ مارنے پر کرکٹ آسٹریلیا نے پابندی اور جرمانے کے ساتھ آسٹریلیا کی پہلے دو ایشز ٹیسٹس ٹیم سے علیحدہ کردیا تھا۔ انھیں ٹوئٹر پر رپورٹس کے خلاف بیان بازی پر بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد انھوں نے معافی مانگ لی تھی۔ رواں ماہ انھیں اپنے بھائی کے اس تبصرے سے بھی علیحدگی اختیار کرنا پڑی تھے جس میں ان کے بھائی نے سوشل نیٹ ورک سائٹ پر آسٹریلوی ٹیم کے ساتھی شین واٹسن پر نکتہ چینی کی تھی۔ مختلف قسم کے ڈسپلنری مسائل پر انگلینڈ میں ایشز سیریز سے علیحدگی کے بعد اسٹریلین سلیکٹرز نے وارنر کو آسٹریلیا اے کے ساتھ پریٹوریا بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا، انگلینڈ میں آسٹریلین ٹیم سے معطلی کے بعد وارنر نے مشکلات کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں معطل کیا جانا چاہیے تھا ۔ رواں ماہ نیشنل سلیکٹر جون انویریریٹی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے آسٹریلیا اے کے دوروں پر وارنر کو طویل دورانیے کے گیمز میں میچ پریکٹس اور رنز کی ضرورت ہے، ڈیوڈ ایشز اسکواڈ کا ممبر رہے گا اور میچ کنڈیشنز کے مطابق مکمل تیاری کے بعد وہ ایک مناسب موقع پر انگلینڈ ٹیم میں دوبارہ واپس آجائے گا ۔
تبصرے بند ہیں.