اسلام آباد: پاکستان سمیت 8 عرب اور اسلامی ممالک نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے مسجدِ اقصیٰ میں اسرائیلی وزرا اور آبادکاروں کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔پاکستان سمیت 8 ممالک کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی جھنڈا نصب کیا گیا، جبکہ انتہا پسند اسرائیلی وزراء نے اپنی فوج کی پشت پناہی سے مسجدِ اقصیٰ میں اشتعال انگیز حرکتیں کی گئیں۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیلی پولیس نے مسجدِ اقصیٰ میں 2 ٹینٹ بھی لگائے اور دیگر اشتعال انگیز اقدامات کیے۔مشترکہ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ بیت المقدس کے قدیم شہر اور مقدس مقامات تک رسائی پر عائد پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں اور اسرائیل مسجدِ اقصیٰ میں مسلمانوں کی عبادت میں رکاوٹ ڈالنے سے باز رہے۔پاکستان سمیت 8 عرب و اسلامی ممالک کی جانب سے کہا گیا کہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کے تاریخی، قانونی اور آبادیاتی تشخص کو تبدیل کرنے کی اسرائیلی کوششیں ناقابلِ قبول ہیں۔مشترکہ اعلامیے کے مطابق مسجدِ اقصیٰ کا مکمل 144 دونم پر مشتمل احاطہ صرف مسلمانوں کی عبادت گاہ ہے، جبکہ اردن کے محکمۂ اوقاف کو ہی مسجدِ اقصیٰ کے انتظامی امور کا اختیار حاصل ہے۔پاکستان سمیت 8 عرب و اسلامی ممالک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو بیت المقدس کے اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات پر غیر قانونی اقدامات سے روکے۔
تبصرے بند ہیں.