Latest National, International, Sports & Business News

سندھ کا بجٹ پیش، مزدور کی کم سے کم اجرت میں اضافہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 3 کھرب 56 ارب 20 کروڑ کا صوبائی بجٹ 27-2026 پیش کردیا۔ مزدور کی کم از کم اجرت، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں اضافے کا اعلان کردیا گیا جبکہ عوام اور کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔ سندھ اسمبلی میں بجٹ تقریر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج 13ویں مرتبہ سندھ کا بجٹ پیش کر رہا ہوں۔ مسلسل گیارہ بجٹ پیش کرنا میرے لیے اعزاز اور بڑی ذمہ داری ہے۔ کسی اور منتخب عوامی نمائندے کو مسلسل اتنی بار بجٹ پیش کرنے کا موقع نہیں ملا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مرحوم والدین کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں، مرحوم والدین کی دی ہوئی اقدار آج بھی میری رہنمائی کرتی ہیں۔ سندھ کے عوام کی خدمت کے سفر میں اہلِ خانہ کی قربانیوں اور تعاون کا شکر گزار ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت اور سماجی انصاف کی بنیادوں کو مضبوط کیا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جرات اور قربانیاں آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی رہنمائی اور مستقل حمایت پر ان کا شکر گزار ہوں۔ چیئرمین بلاول کا عوام دوست ترقی اور سماجی انصاف کا وژن ہماری ترجیحات کا محور ہے۔ ہاریوں، محنت کشوں، خواتین اور نوجوانوں کی فلاح حکومت سندھ کے ترقیاتی ایجنڈے کا بنیادی حصہ ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو ان کی قربانیوں اور خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک افواج وطن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی ضامن ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور اصولی سفارت کاری کی مضبوط آواز بن کر ابھرا ہے، ایران بحران کے دوران پاکستان نے کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کیا۔ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ خطے میں امن اور مکالمے کا داعی ملک ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے باہمت اور ثابت قدم عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ نے آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت قومی استحکام کیلئے 260 ارب روپے کے انتظامات پر اتفاق کیا۔ 260 ارب کی قومی معاونت کے باوجود سندھ نے آئینی حقوق اور ترقیاتی ترجیحات کا تحفظ یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ سندھ نے قومی مفاد میں کردار ادا کیا، این ایف سی ایوارڈ کے تحت اپنے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا، سندھ کی عوام نے ہمیشہ ذمہ دار وفاقی اکائی ہونے کا ثبوت دیا۔ سندھ حکومت نے قومی ذمہ داری اور عوامی ترقی دونوں کو ساتھ لے کر چلنے کی مثال قائم کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے نئے مالی سال 27-2026 کا 3 کھرب 56 ارب 20 کروڑ کا بجٹ پیش کرتے ہوئے عوام اور کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافے اور پنشن میں بھی 7 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا اور جبکہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022ء اور 2025ء ضم کرنے کا اعلان بھی کردیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے بجٹ تقریر کے دوران کہا کہ سندھ میں کم از کم اجرت 40 ہزار سے بڑھا کر 43 ہزار روپے ماہانہ مقرر کر رہے ہیں۔سید مراد علی شاہ نے کراچی میں ‘سندھ انٹرنیشنل فانینشل سینٹر’ بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ فانینشل سینٹر انفرااسٹرکچر فنانس، اسلامک فنانس اور کلائمیٹ فنانس کا پلیٹ فارم ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کیٹی بندر کو عالمی بحری، لاجسٹکس، انڈسٹریل اور توانائی مرکز بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پورٹ قاسم کی بنیاد رکھی۔ان کا کہنا تھا کہ شہید بےنظیر کے وژن کے تحت اب چیئرمین بلاول کیٹی بندر کی نئی معاشی تقدیر رقم کریں گے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ نے مالی سال 26-2026ء میں 900 ارب روپے سے زائد کی رکارڈ ترقیاتی سرمایہ کاری کی۔ ترقیاتی پروگرام کے تحت سڑکیں، اسپتال، اسکول اور پانی کے منصوبے مکمل کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 952 ترقیاتی اسکیمیں مکمل کر کے عملی ترقی کی نئی مثال قائم کی۔ 337 سڑکوں، 179 بلدیاتی، 175 پانی و نکاسی آب، درجنوں سماجی منصوبے مکمل کیے گئے۔ 900 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کے ثمرات سندھ کے ہر ضلع تک پہنچ رہے ہیں۔وزیراعلیٰ کی تقریر کے دوران اپویشن کی جانب سے بجٹ نامنظور کے نعرے لگائے گئے اور شور شرابہ کیا گیا۔ بعد ازاں اپوزیشن اراکین نے سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے واک آؤٹ کردیا۔

تبصرے بند ہیں.