Latest National, International, Sports & Business News

پاکستان دنیا کی توجہ کا مرکز بن گیا، ایران امریکا امن مذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے

اسلام آباد:اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی سے متعلق اہم مذاکرات کا پہلا دور آج ہوگا، دونوں ممالک ے اعلیٰ حکام آج وفاقی دارالحکومت پہنچیں گے۔ذرائع کے مطابق آج بات چیت کے پہلے دور میں دونوں ممالک کے وفود شرکت کریں گے اور کل صبح ہونے والی ملاقات کا ایجنڈا طے کریں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ مذاکرات ایک محفوظ، خفیہ مقام پر میڈیا کی رسائی سے دور منعقد ہوں گے،امریکی ،ایرانی حکام کی بالمشافہ ملاقات کا امکان بھی مسترد نہیں کیا گیا۔مذاکرات میں وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحق ڈار شریک ہوںگے ، ان مذاکرات کو خطے میں امن کے لیے ایک بڑی سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس قیادت کریں گے،وفد میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے۔ایران کا وفد وزیر خارجہ عراقچی اور اسپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں شریک ہوگا۔ذرائع کے مطابق ان مذاکرات میں کشیدگی کے خاتمے، جنگ بندی کے خدوخال اور اعتماد سازی کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔پاکستان ان مذاکرات کی میزبانی کرتے ہوئے فریقین کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات نہ صرف ایران اور امریکہ تعلقات میں بہتری کی راہ ہموار کر سکتے ہیں بلکہ مشرق وسطیٰ میں وسیع تر استحکام کے لیے بھی اہم ثابت ہوں گے،ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی اور موجودہ بحران میں پاکستان نے اہم ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی اور خطے میں امن قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، موجودہ شدید کشیدگی اور جھڑپیں تقریبا 20 دن سے جاری ہیں۔دونوں ممالک نے جنگ بندی کے لیے مطالبات رکھے تھے جسے پاکستان نے سعودی عرب ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے آسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں ایک ڈرافٹ کی شکل میں تیار کر کے امریکہ اور ایران کے حوالے کیا جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے فریقین کو اسلام آنے کی دعوت دے دی جس کا امریکہ اور ایران نے خیر مقدم کیااور پوری دنیا میں پاکستان کو بڑی پزیرائی ملی۔امریکہ کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ 15 نکاتی تجویز کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہو رہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.