Latest National, International, Sports & Business News

پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی، ہیڈ قادرآباد کو بچانے کیلئے چناب کے 2 بند توڑ دیئے گئے

لاہور: بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑنے اور مسلسل بارشوں کے بعد پنجاب کے بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو کر خطرناک حد کے قریب پہنچ گئی، بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستان کو سیلاب سے متعلق فراہم کی گئی نئی معلومات کی بنا پر انڈس واٹر کمیشن نے دریائے چناب اور راوی کے مختلف مقامات پر فلڈ الرٹ جاری کر دیئے۔بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب میں سیلابی صورتحال ہے، ضلعی انتظامیہ نے ہیڈ قادر آباد کو بچانے کیلئے دریائے چناب کے 2 بند توڑ دیئے، کمشنر گوجرانوالہ کے مطابق پہلا شگاف منڈی بہاؤ الدین جبکہ دوسرا علی پور چٹھہ ضلع گوجرانوالہ کے مقام پر ڈالا گیا، قادر آباد سے لیکر پنڈی بھٹیاں تک چناب کنارے باسیوں سے جلد سے جلد انخلاء کی اپیل کی گئی ہے۔پنجاب کے متعدد علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، جس کے باعث سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے، پنجاب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے باعث ضلعی انتظامیہ کی مدد کیلئے پاک فوج کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔بھارت نے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک کا ریلا چھوڑ دیا، مسلسل بارشوں کے بعد دریائے راوی، چناب اور ستلج بپھر گئے، دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، شاہدرہ کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہونے کے باعث الرٹ جاری کر دیا گیا۔دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 29 ہزار 700 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، دریائے راوی میں سیلابی ریلے سے شاہدرہ اور موٹر وے ٹو کے نشیبی علاقوں پر سیلاب کا خطرہ ہے۔

تبصرے بند ہیں.