Latest National, International, Sports & Business News

کراچی میں طوفانی بارش، ٹریفک نظام درہم برہم، پانی گھروں میں داخل، بجلی سپلائی معطل

کراچی:شہر قائد میں حالیہ دنوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہر کے متعدد علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا، گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، ملیر سمیت دیگر علاقوں میں بجلی مکمل طور پر معطل ہے۔منگل کی صبح سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے اور بعض گھروں میں پانی داخل ہو چکا ہے۔قائد آباد، لانڈھی، ملیر اور دیگر علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے کی اطلاعات ہیں، جب کہ شہر کی اہم شاہراہیں جیسے شاہراہِ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ اور ایم آر کیانی روڈ تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔تیز بارش کے باعث سندھ سیکرٹریٹ میں پارکنگ کا شیڈ گرگیا، ریسکیو 1122 کو اطلاع موصول ہوتے ہی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بمع ایمبولینس اور اربن سرچ اینڈ ریسکیو وہیکل کے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ترجمان ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہے۔ماہر موسمیات کے مطابق کراچی کے اوپر مزید بادل بن رہے ہیں جس سے مزید بارش متوقع ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں کو بارش کے لحاظ سے "اہم” قرار دیا ہے۔ترجمان کے مطابق بھارتی ریاست اڑیسہ کے قریب موجود بارش کا سسٹم جلد بھارتی گجرات پہنچے گا اور اس کے اثرات سندھ اور کراچی پر 23 اگست تک محسوس کیے جائیں گے۔ماہرین کے مطابق کراچی میں آئندہ دنوں میں درمیانی سے شدید بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، بحیرہ عرب میں موجود مون سون سسٹم کی وجہ سے آج وقفے وقفے سے بارش جاری رہے گی جب کہ کل بھی معتدل بارش کی پیشگوئی ہے۔ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گرج چمک کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ایمرجنسی کے علاوہ فون استعمال کرنے سے گریز کریں۔سڑکوں پر موجود افراد کو درختوں، کھمبوں اور باڑوں سے دور رہنے کی تلقین کی گئی ہے کیونکہ آسمانی بجلی ان چیزوں کو نشانہ بنا سکتی ہے۔شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی سست روی بھی شہریوں کے لیے مشکلات کا سبب بن رہی ہے۔ لیاقت آباد میں سیوریج کے کام کے بعد گڑھوں کو بند نہیں کیا گیا، جس میں بارش کا پانی جمع ہوگیا اور کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔نارتھ ناظم آباد کی لنڈی کوتل چورنگی پر سڑک کا ایک حصہ دھنس جانے سے ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.