پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 8 فروری کا سورج بلاول بھٹو کی فتح کا پیغام لے کر طلوع ہوگا۔اپنے ایک بیان میں آصف علی زرداری نے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں فتح پر عوام سے اظہار تشکر اور پارٹی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے دل کراچی نے بھی جئے بھٹو کا نعرہ لگا دیا، مرتضٰی وہاب اور سلمان عبداللہ مراد کی کامیابی اہل کراچی کا مخالفین کیلئے خاص پیغام ہے۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا ہر کارکن محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا سفیر بن کر انتخابی مہم شروع کر دے، 8 فروری کا سورج بلاول بھٹو زرداری کی فتح کا پیغام لیکر طلوع ہوگا، عوام کے مشکلات کے تھوڑے دن رہ گئے ہیں، پیپلزپارٹی عوام کی مشکلات ختم کرے گی۔دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ بھر میں ضمنی بلدیاتی الیکشن میں کامیاب ہونے والے جیالےامیدواروں کو مبارک باد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر مرتضیٰ وہاب، سلمان عبداللہ مراد اور ڈپٹی میئر سکھر ارشد مغل کو الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت پورے سندھ نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ایک بار پھر شکست دے دی، عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا، اب انشاء اللہ 8 فروری کو بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی جیت نوشتہ دیوار ہے۔
تبصرے بند ہیں.