6 ماہ بعد ڈیو واٹمور کے مستقبل کا فیصلہ کرینگے، چیئرمین بورڈ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مصباح الحق کو کارکردگی میں بہتری لانے کا چیلنج دے کر ویسٹ انڈیز روانہ کیا۔ کپتان کو اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کرنے کی ہدایت کردی، معاہدہ کے تحت مزید6 ماہ گزرنے کے بعد کوچ ڈیو واٹمور کے مستقبل کا فیصلہ کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ 4 میں سے 3 سیریز کے بعد چیمپئنز ٹرافی کے تینوں میچ ہارنے کے بعد مصباح الحق کی قیادت کے حوالے سے بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں، اس حوالے سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز کیلیے روانگی سے قبل کپتان کو اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کی ہدایت کردی تھی، انھیں آگاہ کردیا کہ عوام اپنی ٹیم سے کیا توقعات رکھتے اور شکست پر کس قدر دلبرداشتہ ہوتے ہیں، میں نے مصباح الحق کو ہدایت کی کہ ٹیم کی خامیاں درست کرنے پر توجہ رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کریں، کارکردگی میں بہتری لانے کی تحریک دلائیں، قوم اب ایک اور ناکامی نہیں دیکھنا چاہتی۔پرانے چہروں کو باربار آزمانے کے سوال پر عبوری چیئرمین نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ متبادل کھلاڑی ہی دستیاب نہیں، ڈومیسٹک کرکٹ کی خامیوں کی وجہ سے نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آرہا، کوشش ہوگی کہ ان مسائل کے اسباب کا جائزہ لے کر صورتحال بہتر بناؤں، انھوں نے کہا کہ دورہ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے میرے لیے بھی سیکھنے اور جاننے کا مواقع ہوں گے، کارکردگی میں اتار چڑھاؤ ہوسکتا ہے تاہم اصل ہدف ورلڈ کپ ہوگا، تجربات اور تیاریوں کیلیے کافی وقت باقی اور امید ہے کہ میگا ایونٹ سے قبل نہ صرف خامیاں نوٹ کرینگے بلکہ ان کا حل بھی تلاش کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ کوچ ڈیو واٹمور کے مستقبل کے بارے میں کوئی بات کرنے کا ابھی موقع نہیں ہے، ان کا معاہدہ مکمل ہونے میں مزید 6 ماہ باقی ہیں، اس وقت صورتحال اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق فیصلہ کرنا مناسب ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.