پاک ویسٹ انڈیز پہلے ون ڈے میچ کے وینیو کو سجادیا گیا

جارج ٹاؤن: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کے وینیو کو سجا دیا گیا۔ بورڈ سے جھگڑے کے باعث دو برس تک انٹرنیشنل میچز کی میزبانی سے محروم رہنے والے اسٹیڈیم میں رنگ و روغن ہوگیا، منتظمین کو ایک حصے میں بلڈنگ ایکسپو کے انعقاد کی وجہ سے پارکنگ میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اتوار کو پروویڈنس اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کا سیریز کے پہلے ون ڈے میں مقابلہ کرے گا، یہ اس اسٹیڈیم پر دو برس بعد کھیلا جانے والا پہلا انٹرنیشنل میچ ہے،یہاں پر آخری مرتبہ 5 مئی 2011 کو کھیلے گئے ون ڈے میں بھی پاکستان نے ہی ویسٹ انڈیز کا سامنا کیا تھا بعد میں گیانا کرکٹ بورڈ و حکومت کے درمیان اختلافات اور متنازع انتخابات پر ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے یہاں پر انٹرنیشنل میچز کی میزبانی پر پابندی عائد کردی تھی۔  گیانا نیشنل اسٹیڈیم کے جنرل منیجر انتھونی زیویئر کا کہنا ہے کہ اتوار کو شیڈول پہلے میچ کیلیے ہماری تیاریاں مکمل ہیں، ہم نے اسٹیڈیم کو مقابلے کیلیے تیار کرنے کی خاطر آخری کام کر لیے ہیں، صرف ایک چیلنج ہمارے لیے اب بھی موجود اور وہ پارکنگ کا ہے کیونکہ ایک حصے میں وزارت تعمیرات و پانی کی جانب سے بلڈنگ ایکسپو جاری ہے تاہم ہمیں حکام نے یقین دہانی کرائی کہ جمعے تک اسے کلیئر کردیا جائے گا، ہمارا اسٹیڈیم دنیا میں سب سے جلد خشک ہونے والا واحد گراؤنڈ ہے اگر بارش نے رخنہ اندازی کی بھی تو جلد ہی اسے دوبارہ کھیلنے کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ میڈیا سینٹر اور دیگر مقامات پر رنگ و روغن بھی کیا گیا ہے۔ ہیڈ کیوریٹر تھوماس کا کہنا ہے کہ عام طور پر پروویڈینس کی پچز سلو بولرز کیلیے موزوں سمجھی جاتی ہیں مگر یہ میچ قدرے سخت وکٹ پر کھیلا جائے گا جس میں فاسٹ بولرز کیلیے معاونت کے ساتھ بیٹسمینوں کے لیے اپنے پسندیدہ اسٹروکس کھیلنے کا موقع بھی موجود ہوگا۔ واضح رہے کہ 16 جولائی کو دوسرے ون ڈے کی بھی میزبانی یہی اسٹیڈیم ہی کرے گا۔

تبصرے بند ہیں.