3 سال میں بجلی 5 روپے یونٹ سستی کی جائیگی، شوکت ترین

کراچی: توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے حکومت نئی انرجی مکس پالیسی مرتب کررہی ہے جس کے تحت آئندہ تین سال میں فی یونٹ بجلی کی قیمت 5 روپے کم کرکے10 روپے کی سطح تک لایا جائے گا۔ وزیراعظم نوازشریف جلد ہی نئی انرجی مکس پالیسی کا اعلان کریں گے، یہ بات وزیر اعظم کی اقتصادی کونسل کے رکن شوکت ترین نے پیر کو سلک بینک کے ایمان اسلامک بینکنگ پروگرام کی افتتاحی تقریب کے بعد صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہی، شوکت ترین نے بتایا کہ موجودہ حالات میں پاور ٹیرف میں بتدریج اضافہ ناگزیر ہے تاہم حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس اضافے کا اطلاق کم آمدنی کے حامل اور بجلی کے کم استعمال کنندگان پر نہیں ہوگا، بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت کوبجلی چوری پر قابو پاکر کوئلہ اور ہائیڈل پاور جنریشن کے فروغ کے ذریعے کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں شوکت ترین نے کہا کہ گزشتہ ہفتوں زرمبادلہ کے ذخائر میں مستقل کمی سے خوفزدہ ہوکر کھاتیداروں نے اپنے ڈپازٹس کو فارن کرنسی میں منتقل کیا جس کی وجہ سے پاکستانی روپے کی قدر دباؤ کی زد میں رہا ہے تاہم بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے نئے پروگرام کی وجہ سے روپے کی قدر استحکام کی جانب گامزن ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی روپیہ اب بھی اوور ویلیوڈ ہے اور ماضی میں روپے کی قدر میں سالانہ 7 تا 8 فیصد کی کمی ہونا چاہیے تھی۔

تبصرے بند ہیں.