Latest National, International, Sports & Business News

وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ہفتہ وار تعین کی منظوری دیدی

اسلام آباد: وزیراعظم نے خطے کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ہفتہ وار تعین کی منظوری دیدی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات اسٹاک اور کھپت پر کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ کی جانب سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق کمیٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی ہفتہ وار قیمتوں کے تعین کے بارے میں سفارشات پیش کیں جسے وزیراعظم نے منظور کرلیا۔ذرائع نے بتایا کہ ای سی سی پیٹرولیم مصنوعات کی ہفتہ وار قیمتوں کے بارے میں سفارشات دے گی، ای سی سی سے منظوری کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی سمری کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی جب کہ تعلیمی اداروں میں ورچوئل نظام تعلیم اورآفسز کیلئے ورک فرام ہوم کاپلان پیرکو پیش کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو صوبوں سے مشاورت کے بعد پیر کو ورک فرام ہوم کے بارے میں پروپوزل پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ ان اقدامات کے باعث ایندھن اسٹاک کا مؤثر استعمال اور طلب میں کمی ہوسکے گی۔دوسری جانب اجلاس کے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق وزارت پیٹرولیم نے بریفنگ میں بتایا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں، جو پیٹرول پمپ مصنوعی قلت میں ملوث ہو، اس کو فورا بند کیا جائے، اوگرا مصنوعی قلت میں ملوث پیٹرول پمپ کا لائسنس منسوخ کرکے قانونی کارروائی کرے جب کہ وزیر پیٹرولیم صوبوں کا دورہ کریں، وزیرپیٹرولیم صوبائی حکومتوں کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور عوام کو بلاتعطل فراہمی سے متعلق لائحہ عمل تیار کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت سے متعلق ڈیش بورڈ بنایا جائے، ڈیش بورڈ کے ذریعے صوبوں کے ساتھ رئیل ٹائم میں ڈیٹا شیئر ہو، ڈیش بورڈ کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل کی نگرانی کی جائے۔

تبصرے بند ہیں.