مظفر آباد، باجوڑ، گلگت، مانسہرہ بونیر:شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں نے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں تباہی مچا دی، مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 78 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں زخمی اور سینکڑوں تاحال لاپتہ ہیں۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے حالیہ بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور کلاؤڈ برسٹ سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کردیں۔خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بٹگرام، باجوڑ اور مانسہرہ میں بادل پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں مختلف حادثات 60 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے جبکہ کئی لاپتہ ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 40 مرد، 12 بچے اور 8 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 13 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے، بارشوں اور فلش فلڈ سے 35 گھروں کو نقصان پہنچا،7 گھر مکمل جبکہ 28 گھر جزوی تباہ ہوئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات باجوڑ، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، سوات، بونیر اور شانگلہ کے اضلاع میں پیش آئے، سب سے زیادہ نقصان ضلع باجوڑ اور بٹگرام میں ہوا جہاں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہیں۔ادھر ڈپٹی کمشنر بونیر نے کہا ہے کہ بونیر کے علاقوں گوکند اور پیربابا میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی، بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 50 افراد کے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کاشف قیوم کے مطابق 40 افراد کی لاشیں ٹی ایچ کیو پیربابا میں پڑی ہیں جبکہ 10 افراد کی لاشیں ڈی ایچ کیو ڈگر میں موجود ہیں، ضلع بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ریسکیو 1122 باجوڑ کے کنٹرول روم کو تحصیل سلارزئی کے گاؤں جبراڑئی میں شدید بارش (کلاؤڈ برسٹ) کے نتیجے میں سیلابی ریلے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 باجوڑ نے ڈیزاسٹر، میڈیکل اور غوطہ خور ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کیں۔ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی نے بتایا کہ باجوڑ کے تحصیل سلارزئی میں بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے سے 21 افراد جاں بحق ہو گئے جن میں سے 18 کی لاشیں برآمد کر لی گئیں جبکہ 3 افراد کی تلاش جاری ہے، واقعے میں 3 زخمی ہوئے۔
تبصرے بند ہیں.