یونس کے ریکارڈ بنانے پر بے انتہاخوشی ہے، میانداد

کراچی:  سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد نے یونس خان کے ہاتھوں اپنا ملکی ریکارڈ ٹوٹ جانے پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونس نے ٹیسٹ میں رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کرکے میرا قائم کردہ 22 سال پرانا ریکارڈ توڑا ہے اس پر بے حد خوش ہوں۔

جاوید میانداد نے کہا کہ یونس ایک عظیم بیٹسمین ہے جوکھیل کے تمام رموز سے آگاہ  ہے، وہ ہمیشہ بہتر سے بہتر کے لیے کوشاں رہتاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ نام ہی ریکارڈز بننے اور بنانے کا ہے، میری تمنا اورخواہش ہے کہ  یونس خان پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میں 10 ہزار رنز جوڑنے والا پہلا بیٹسمین بھی بنے، اگریونس کی فٹنس برقرار رہی تو وہ اس  سنگ میل کو عبور کرنے کا کارنامہ بھی انجام دینے میں کامیاب ہوجائے گا۔

اپنے دور کے عظیم بیٹسمین اورسابق ٹیسٹ کپتان حنیف  محمد نے کہا کہ ریکارڈ ساز ہونے کے ناطے یونس خان نے جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی توڑ دالا، اس بات کی مجھے خوشی ہے لیکن  اسے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میں10ہزار رنز اسکور  کرتے دیکھ کر مجھے زیادہ مسرت ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.