آئی سی سی کرکٹرز پر دولت کی بارش کرنے کو تیار

دبئی: آئی سی سی نے نئے سال میں کرکٹرزپر دولت کی بارش کرنے کی تیاریاں کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق دبئی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں،2016سے 2023تک کے عرصے میں ٹاپ ٹیسٹ ٹیموں، مینز اور ویمنز ایونٹس کیلیے انعامی رقم میں  65ملین ڈالر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کی بدولت کرکٹرز کو گذشتہ 8سال کی نسبت 41فیصد زیادہ رقم ہاتھ لگے گی۔

ہرسال آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم کیلیے انعام کی رقم بھی دگنی کردی گئی، یکم اپریل تک کی کارکردگی کی بنیاد پر ٹاپ پر رہنے والا ملک اب 5لاکھ کے بجائے 10 لاکھ ڈالر حاصل کرے گا،’’بگ تھری‘‘ بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے سوا دیگر ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ملکوں کیلیے 70 ملین ڈالر کا فنڈ الگ سے رکھا گیا ہے۔

ایسوسی ایٹ اور الحاق رکھنے والے ملکوں کیلیے فنڈز 125 سے بڑھا کر 208ملین کردیئے گئے ہیں، ویمنز آئی سی سی ایونٹس کے دوران کرکٹرز کی انعامی رقم میں 5 گنا اضافہ کیا گیا ہے، ان کے ہاتھ 4.4ملین ڈالرز لگیں گے۔

آئندہ سال انڈر 19ورلڈکپ کی میزبانی بنگلہ دیش کو دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ بی سی بی حکومت کیساتھ مل کر اس نوعیت کے سیکیورٹی انتظامات کریگا جس کا اطمینان آئی سی سی کے ایڈوائزر کرینگے۔

تبصرے بند ہیں.