Latest National, International, Sports & Business News

یورپی یونین نے افغانستان سے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے حقِ دفاع کی حمایت کر دی

اسلام آباد: یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کایا کالاس نے کہا ہے کہ افغانستان سے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کایا کالاس نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے دفاع اور اپنے شہریوں کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے، تاہم علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات ہی بہترین راستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے مسلسل دونوں ممالک پر تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کشیدگی میں کمی لانے پر زور دیا، کیونکہ موجودہ حالات میں فضائی حملوں کے بجائے مذاکرات ہی مسائل کا مؤثر حل ہیں۔کایا کالاس نے کہا کہ سٹریٹجک مذاکرات کے دوران مختلف اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، انہوں نے اسلام آباد میں پرتپاک استقبال پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون مزید فروغ پائے گا۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ اسلام آباد کی ثالثی کی کوششیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران تنازع نے دنیا کو توانائی کے سنگین بحران سے دوچار کیا، جس کے باعث پائیدار جنگ بندی اور سفارتی عمل کے تسلسل کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔کایا کالاس نے کہا کہ 2026 کے لیے بنیادی ہدف پاک یورپی یونین تعلقات کو مزید مضبوط اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ بنانا ہے، یہ شراکت داری تجارت اور اقتصادی ترقی کے حوالے سے بھی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین علاقائی اور عالمی استحکام کے حوالے سے مشترکہ ترجیحات رکھتے ہیں، جبکہ پاکستان خطے کی ایک بڑی طاقت ہے اور یورپی یونین کا اہم شراکت دار ہے۔

تبصرے بند ہیں.