یورپی یونین میں تجارتی سفارتکاری تیزکرینگے، خرم دستگیر

اسلام آباد:  وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ برطانوی ریفرنڈم کے بعد پاکستان یورپی یونین میں تجارتی سفارتکاری میں تیزی لائے گا، یورپی یونین اور یورپی کمیشن میں نئے سفارتی اورتجارتی پارٹنر تلاش کرنے کے لیے پاکستان کے تجارتی مندوب کو احکام جاری کر دیے ہیں، پاکستان تجارتی محاذ پر یورپ کے آزادانہ تجارت کے حامی ممالک خصوصاً شمالی یورپ کے ممالک سے تجارتی تعلقات میں اضافے پر توجہ دے گا۔

یورپ میں پاکستانی سفارتخانوں میں متعین کمرشل قونصلروں کو ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ میزبان ملک کی وزارت تجارت سے رابطے میں رہیں اور انھیں پاکستان کے لیے تجارتی مراعات کی افادیت اور پاکستان کی اپنی ذمے داریوں پر پیشرفت سے آگاہ کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ اور یورپی کمیشن میں پاکستان کے تجارتی اور معاشی مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے نئے دوست بنانے اور پرانے دوستوں سے تعلقات مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

تبصرے بند ہیں.