یاسر شاہ کا کیرئیر تباہ ہونے سے بچ گیا، صرف 3 ماہ کی پابندی عائد

دبئی: ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر قومی ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ پر صرف 3 ماہ کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

آئی سی سی نے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے معاملے پر لیگ اسپنر یاسر شاہ کا موقف تسلیم کرتے ان پر صرف 3 ماہ کی پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یاسر شاہ نے اینٹی ڈوپنگ کوڈ توڑنے کی غلطی تسلیم کی، لیگ اسپنر نے تسلیم کیا کہ غلطی سے بلڈ پریشر کی دوا استعمال کی، یاسر شاہ اور پی سی بی کی یقین دہانی سے مطمئن ہیں، یاسر شاہ 27 مارچ کو ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے کے اہل ہو جائیں گے۔

دوسری جانب یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ مداحوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ ایسی کوئی کوتاہی نہیں کروں گا، کوئی بھی دوا لیتے وقت ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کروں گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 27 دسمبر کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر آئی سی سی نے یاسر شاہ پر ہر قسم کی انٹر نیشنل کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی جس پر یاسر شاہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل میں اپیل کی تھی کہ انھوں نے غلطی سے اپنی اہلیہ کی بلڈ پریشر کی ادویات استعمال کر لی تھیں لہذا ان پر پابندی عائد نہ کی جائے۔

تبصرے بند ہیں.