ہر چہرہ اداس، ہر آنکھ نم، شوبز انڈسٹری بھی سانحہ پشاور کے غم میں شریک

اداکار فواد خان کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کا خاتمہ نہ کیا گیا تو وہ ہمارے بچوں تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔ اداکارہ ریشم کہتی ہیں اس وقت قوم کو ایک ہونے کی ضرورت ہے۔

لاہور: ) شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی سانحہ پشاور کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے شمعیں روشن کیں اور دعا بھی کی۔ لاہور کے نجی سٹوڈیوز میں اداکارہ ریشم کی قیادت میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیا ت ایک ہی جگہ جمع ہوئیں۔ سانحہ پشاور کے کم سن شہداء پر ہر آنکھ نم نظر آئی۔ اداکارہ ریشم اور فواد خان کا کہنا تھا کہ پشاور میں بچوں کو خاص طور ٹارگٹ کیا گیا۔ ان کا کیا قصور تھا؟۔ اب وقت آگیا ہے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سب ایک ہو جائیں۔ ہدایتکارہ سنگیتا اداکارہ ثوبیہ خان سمیت دیگر آرٹسٹوں کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کی شہادت پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ بچے سب کے سانجھے ہوتے ہیں۔ دہشت گردی کرنے والوں کے اپنے سینے میں دل نہیں تھا۔ سانحہ پشاور پر کراچی میں فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے فنکاروں نے شمعیں روشن کرکے بے دردی سے شہید کئے گئے معصوم بچوں کو یاد کیا۔ کراچی آرٹس کونسل میں فنکاروں کی جانب سے ننھے شہیدوں کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ فلم انڈسٹری اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف شخصیات نے معصوموں کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔ فنکاروں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف فوری سخت کارروائی کی جائے۔ فنکاروں کا کہنا تھا کہ انہیں پاک فوج پر اعتماد ہے۔ ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑی گئی۔ اسی لئے وہ اب بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آئے ہیں لیکن وہ ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ –

تبصرے بند ہیں.