Latest National, International, Sports & Business News

ہاکی پریکٹس میچ؛ پاکستان نے میانمار کو درجن بھر گولز کا ’’تحفہ‘‘ دیدیا

پاکستان ہاکی ٹیم نے پریکٹس میچ میں میانمار کو درجن بھر گولز کا ’’تحفہ‘‘ دے دیا،کپتان محمد عمران ہیٹ ٹرک کرنے میں کامیاب رہے، میچ میں دونوں گول کیپرز کو آزمایا گیا اور سلمان اکبر و عمران بٹ سیسہ پلائی دیوار بنے رہے۔ انھوں نے حریف سائیڈ کے ہر حملے کو ناکام بنا دیا۔گرین شرٹس دوسرے اور آخری پریکٹس میچ کیلیے جمعرات کو بنگلہ دیش کیخلاف میدان سنبھالیں گے۔ دوسری جانب کپتان محمد عمران پریکٹس میچ میں فتح پر مسرور تو ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ ہمیں حقیقی خوشی اسی وقت ملے گی جب ایشیا کپ ٹائٹل کے ساتھ وطن واپس لوٹیں گے۔ تفصیلات کے مطابق 24 اگست سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم نے ایپوہ میں ڈیرے ڈال دیے ہیں۔گرین شرٹس منگل کو کوالالمپور ایئرپورٹ سے بس کے ذریعے4 گھنٹے کا سفر کرنے کے بعد ایپوہ پہنچے،چیف کوچ اختر رسول کی زیرنگرانی کھلاڑیوںنے صبح ٹریننگ کے بعد شام کو میانمار کیخلاف پریکٹس میچ کھیلا۔ سلطان اذلان شاہ ہاکی اسٹیڈیم میں پاکستانی کھلاڑی حریف ٹیم پر اس طرح ٹوٹ پڑے کہ ماضی کی یادیں تازہ ہو گئیں، یہ میچ گرین شرٹس نے 12-0 سے جیتا جس میں کپتان محمدعمران کی شاندار ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی، میچ کے آغاز میں ہی پاکستانی کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور حریف سائیڈ کے گول پوسٹ پر نہ صرف دھاوا بول دیا بلکہ ان کی دفاعی لائن میں شگاف ڈال کر گیند کو جال کی راہ دکھانے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ میانمار کی ٹیم نے میچ میں کم بیک کرنے کی بار بار کوشش کی لیکن پاکستانی دفاعی کھلاڑیوں نے ہر بار ان حملوں کو ناکام بنا دیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے میچ میں تمام پلیئرز کو کھیلنے کا موقع فراہم کیا، سلمان اکبر کے ساتھ عمران بٹ بھی گول کیپر کے فرائض انجام دیتے رہے، محمد عمران نے 3 بار گیند کو جال کی راہ دکھائی، عبدالحسیم خان اور وقاص شریف نے 2، 2 جبکہ شفقت رسول، محمد عرفان، توثیق، راشد اور عمر بھٹہ نے ایک، ایک گول کیا۔گرین شرٹس جمعرات کو دوسرا اور آخری پریکٹس میچ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلیں گے، اس کے کوچ سابق پاکستانی اولمپئن نوید عالم ہیں، وہ ماضی میں اپنے ہم وطن کھلاڑیوں کی بھی رہنمائی کر چکے اور انداز کھیل و حکمت عملی سے بخوبی واقف ہیں، ایسے میں یہ میچ شائقین کیلیے خاصی دلچسپی کا باعث ہو سکتا ہے۔ دریں اثنا پریکٹس میچ کے بعد پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیا جس میں کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور اگلے مقابلے کی حکمت عملی بھی بنائی گئی۔ذرائع کے مطابق اختر رسول نے پلیئرز سے کہا کہ بھر پور محنت کے بعد پریکٹس میچ میں کامیابی حاصل کی لیکن ایشیا کپ جیتنے کیلیے کئی گنا زیادہ کوشش کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب کپتان محمد عمران نے کہا کہ میانمار کے خلاف پریکٹس میچ میں کامیابی پر مسرور تو ہیں لیکن اصل خوشی اس وقت ہو گی جب ایشیا کپ جیت کر وطن واپس لوٹیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ایپوہ میںگرمی اور حبس زیادہ ہے لیکن ان تمام باتوں کی پرواہ کیے بغیر ہماری نظریں ایونٹ میں کامیابی پر مرکوز ہیں ،کپتان نے کہا کہ ہم عوامی توقعات پر پورا اترتے ہوئے کیریئر کا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ ایک سوال پر محمدعمران نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کا پہلا میچ جاپان کے ساتھ ہے، میری رائے میں حریف سائیڈ کسی بھی طرح کمزور نہیں بلکہ کسی بھی ٹیم کو ٹف ٹائم دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان ملائیشیا میں بھی جاپان سمیت ایونٹ میں شریک دیگر ٹیموں کے خلاف مقابلوں کی حکمت عملی تیار کر لی، جاپان پر کامیابی حاصل کر کے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.