گورنر سٹیٹ بینک کا غیر ملکی کرنسی کی مصنوعی قلت فوری ختم کرنے کا حک

اشرف وتھرا نے فاریکس کمپنیوں کے عہدے داروں سے ملاقات کی ، ڈالر کو لگام دینے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت

اسلام آباد ( ) اوپن مارکیٹ میں ڈالر کو لگام دینے کے لیے گورنر سٹیٹ بینک نے ایکسچینج کمپنیوں کے عہدیداروں کو فوری اقدامات لینے کی ہدایت کردی ۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر انٹر بینک کے مقابلے 1 روپے 60 مہنگا بک رہا ہے ۔ سٹیٹ بینک کے گورنر اشرف وتھرا نے فاریکس کمپنیوں کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران بیرونی کرنسی کی مصنوعی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے تاکید کی کہ ایکسچینج کمپنیاں غیر ملکی کرنسی کی قلت کا تاثر ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات لیں ۔ سٹیٹ بینک اس حوالے ہر ممکن رہنمائی فراہم کرے گا ۔ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کا فرق 1 روپے 60 پیسے تک پہنچ چکا ہے ، ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 103 روپے 40 پیسے جبکہ انٹر بینک میں 101 روپے 80 پیسے میں بک رہا ہے ۔ دوسری جانب فاریکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان نے بتایا کہ عید کی تعطیلات کے باعث عرب ممالک میں کاروبار ایک ہفتے بند رہنے سے ڈالر کی رسد متاثر ہوئی جبکہ گورنر سٹیٹ بینک کی ہدایت پر کمرشل بینک ایکسچینج کمپنیوں کو ڈالر کی فراہمی بھی بہتر کریں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ سٹیٹ بینک ڈالر کی سمگلنگ کو روکنے کے لیے بھی ضروری اقدامات کرے گا ۔

 

تبصرے بند ہیں.